دبئی جانے والے بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2022
اسپائس جیٹ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اس پیش رفت کی تصدیق کی —فوٹو: اے ایف پی
اسپائس جیٹ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اس پیش رفت کی تصدیق کی —فوٹو: اے ایف پی

بھارتی شہر نئی دہلی سے دبئی جانے والی پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان سیف الرحمٰن نے تصدیق کی ہے کہ نئی دہلی سے اڑان بھرنے والے بوئنگ 737 جہاز میں تیل کے رساؤ کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی جبکہ مرمت کا کام جاری ہے۔

سی اے اے عہدیدار نے مزید بتایا کہ پرواز میں سوار تقریباً 100 مسافروں کو بحفاظت ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپائس جیٹ نے اپنے ٹوئٹر پیج پر اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آپریٹنگ فلائٹ 'ایس جی-11' جو دہلی سے دبئی جارہی تھی، اس کو فنی خرابی کی وجہ سے کراچی کی جانب موڑ دیا گیا تھا جہاں جہاز نے محفوظ لینڈنگ کی اور تمام مسافر بخیر و عافیت ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق اسپائس جیٹ کی پرواز بی 737 نے دہلی ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی لیکن انڈیکیٹر لائٹ کی خرابی کی وجہ اس کا رخ سفر کے درمیان میں ہی کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی سے دوحہ جانے والی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ایئر لائن کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی پرواز نے کراچی میں بحفاظت لینڈ کیا اور جہاز سے مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پرواز کی لینڈنگ کے دوران کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا اور طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی جبکہ پرواز سے قبل طیارے میں کسی قسم کی فنی خرابی کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

بیان میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ متبادل طیارہ کراچی بھیج دیا گیا ہے جو مسافروں کو دبئی لے جائے گا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل ایوی ایشن ریگولیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جہاز کے پائلٹوں نے اس میں موجود ایندھن کی مقدار میں غیر معمولی کمی دیکھی اور انہیں ایندھن کے رساؤ اور اخراج کا شبہ ہوا، تاہم مرمتی عملے کو طیارے کی لینڈنگ کے بعد ایندھن لیکج کا ثبوت نہیں ملا۔

مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر ہندوستانی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

اس کے علاوہ سی اے اے کے ترجمان نے بتایا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر تمام فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اس سے قبل بھی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے قطر کے دارالحکومت دوحہ جانے والی پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 579 دہلی سے دوحہ جارہی تھی کہ دورانِ پرواز کیپٹن کو طیارے کے کارگو ہولڈ میں اسموک اسگنل ملا جس کی وجہ سے پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا تھا کہ پرواز میں 283 مسافر اور عملے کے 12 اراکین شامل تھے، طیارے کو رن وے نمبر ایک پر پارک کروا کر مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں شفٹ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 2016 میں بھی ایک بھارتی نجی ایئرلائن کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

ایئرپورٹ منیجر کراچی نثار بروہی نے بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نئی دہلی سے دوحہ جانے والے طیارے میں دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے کے بعد پاکستانی ایئرٹریفک کنٹرول سے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی تھی۔

لینڈنگ کی اجازت ملنے کے بعد بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا تھا جہاں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈاکٹروں نے بھارتی مسافر کا معائنہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں