عدنان سمیع خان کا گانا ‘الوداع’ ریلیز ہوتے ہی مقبول

29 جولائ 2022
گانے کو چند گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا گیا تھا—اسکرین شاٹ
گانے کو چند گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا گیا تھا—اسکرین شاٹ

پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی قومیت اختیار کرنے والے گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان نے دو سال بعد اپنا پہلا گانا ‘الوداع’ ریلیز کردیا۔

عدنان سمیع خان نے اپنے نئے گانے کی تشہیر کے لیے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام کی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے ‘الوداع’ کا موشن پوسٹر شیئر کیا تھا، جس پر ان کے مداح پریشان دکھائی دیے تھے۔

گلوکار کی جانب سے ‘الوداع’ کی پوسٹ شیئر کیے جاتے وقت اس حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی تھی، جس وجہ سے ان کے مداح ان سے متعلق پریشان دکھائی دیے تھے۔

تاہم چند دن بعد گلوکار نے اپنے گانے کی جھلک جاری کرتے ہوئے مداحوں کی تشویش کو ختم کیا تھا اور اب ان کا گانا ریلیز کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع خان کی ‘الوداع’ کی پوسٹ سے مداح پریشان

‘الوداع’ کو میوزک پروڈکشن کمپنی ‘ساریگاما’ نے اپنے یوٹیوب پر ریلیز کیا، جس میں گلوکار خود بھی ماڈلنگ کرتے دکھائی دیے۔

‘الواداع’ میں عدنان سمع خان کے ہمراہ سارا کھتری کو رومانس کرتے دکھایا گیا ہے۔

گانے کی شاعری بھارتی شاعرہ کوثر منیر نے لکھی ہے جب کہ گانے کی میوزک کو بھی عدنان سمیع خان نے خود ہی ترتیب دیا ہے۔

‘الوداع’ کو یوٹیوب پر 28 جولائی کو ریلیز کیا گیا اور یہ ریلیز ہوتے ہی بھارت کے علاوہ پاکستانی شائقین میں بھی مقبول ہوگیا اور اسے چند ہی گھنٹوں میں 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا تھا۔

‘الوداع’ کی ریلیز کے بعد عدنان سمیع خان کے بیٹے پاکستانی گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے بھی ان کی تعریفیں کیں، جس پر والد نےبیٹے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بیٹے اذان سمیع خان نے بھی والد کے گانے کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ
بیٹے اذان سمیع خان نے بھی والد کے گانے کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں