شرمین عبید نے ‘مس مارول’ میں تقسیم ہند کو صداقت سے پیش کیا، مہوش حیات

29 جولائ 2022
اداکارہ نے فواد خان کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ/ مس مارول
اداکارہ نے فواد خان کی تعریفیں کیں—اسکرین شاٹ/ مس مارول

حال ہی میں ریلیز ہونے والی امریکا کی پہلی مسلم پاکستانی سپر ہیرو ویب سیریز میں ‘عائشہ’ کا کردار ادا کرنے والی مہوش حیات نے کہا ہے کہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے ویب سیریز میں تقسیم برصغیر کے واقعات کو صداقت اور سچائی کے ساتھ پیش کیا۔

چھ اقسام پر مشتمل ‘مس مارول’ کی پہلی قسط گزشتہ ماہ 8 جون جب کہ آخری قسط رواں ماہ جولائی کے وسط کو ‘ڈزنی پلس’ پر ریلیز کی گئی تھی اور اس ویب سیریز کو دنیا بھر میں سراہا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘مس مارول’ 2 ارب مسلمانوں کی نمائندگی ہے، مہوش حیات

جہاں ویب سیریز کو پہلی بار مسلمان باحجاب لڑکی کو سپر ہیرو کے طور پر دکھایا گیا تھا، وہیں اس میں پہلی بار کسی پاکستانی لڑکی کو بھی سپر ہیرو دکھایا گیا جب کہ ویب سیریز میں اردو زبان کے ڈائلاگز سمیت صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مناظر بھی دکھائے گئے تھے۔

تاہم ‘مس مارول’ کو تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان سے متعلق مناظر اور ڈائلاگز پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور لوگوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ویب سیریز میں بھارتی بیانیے کو اہمیت دی گئی ہے۔

ویب سیریز کے ایک منظر میں فواد خان کو تحریک آزادی کے رکن کے طور پر دکھایا گیا تھا مگر انہیں قائد اعظم محمد علی جناح کے برعکس گاندھی کی زیادہ تعریفیں کرتے دکھایا گیا تھا۔

ویب سیریز کے ایک اور منظر میں ‘مس مارول’ یعنی کمالہ خان کی نانی ثمینہ احمد کو کہتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ اگرچہ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے مگر ان کی جڑیں بھارت میں ہیں۔

ویب سیریز کے مذکورہ دونوں مناظر پر پاکستانی شائقین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم پر شدید تنقید کی تھی مگر اب مہوش حیات نے کہا ہے کہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے تقسیم ہند کی تاریخ کو صداقت اور سچائی کے ساتھ پیش کیا۔

مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ویب سیریز کے مناظر سمیت اس کے پریمیئر کے دوران کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

مذکورہ پوسٹ میں مہوش حیات نے ویب سیریز کی پوری ٹیم کی تعریفیں اور شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے شرمین عبید چنائے کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس میں تقسیم برصغیر جیسے اہم مسئلے کو صداقت اور سچائی کے ساتھ پیش کیا۔

مزید پڑھیں: ‘مس مارول’ کے پہلے سیزن کا اختتام

مہوش حیات نے اپنی پوسٹ میں ‘مس مارول’ کے پروڈیوسرز اور ‘مس مارول’ یعنی کمالہ خان کا کردار تخلیق کرنے والی پاکستانی نژاد لکھاری ثنا امانت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس طرح کا کردار تخلیق کیا، جسے دیکھنے کے بعد بہت ساری پاکستانی اور مسلمان لڑکیاں خود کو سپر ہیرو کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے عکسبندی کرنے والے ارکان سمیت تمام ٹیم کا شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے ‘مس مارول’ کمالہ خان کا کردار ادا کرنے والی ایمان ولانی کی بھی تعریفیں کیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں فواد خان کی اداکاری کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ ان کے ساتھ اور اداکاری کی وجہ سے ہی وہ ‘عائشہ’ کا کردار احسن انداز میں نبھانے کے قابل ہوئیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Jul 29, 2022 08:02pm
Shah seh ziyada, Shah keh wafaadaaron. Keh kaam,..... Waisay yeh zehni tannazulli kahin rukkay gi bhi. Keh nahin........ Wah reh Haqeeqat passandi, terreeii Kon si kal seedhiiee.........