انگلینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہاکی کے اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی ’ کے مطابق کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے، فاتح ٹیم کے ہیوگو انگلیس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2 گول سکور کئے،

پاکستان کی جانب سے واحد گول غضنفر علی نے کیا، نیوزی لینڈ کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے، قومی ٹیم اپنا تیسرا پول میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

اتوار کو اہم میچ میں کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز 2022 کا برمنگھم میں رنگارنگ تقریب سے افتتاح

دوسرے کوارٹر کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے ہیوگو انگلیس نے یکے بعد دیگرے 2 فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

26 ویں منٹ میں غضنفر علی نے پاکستان کی طرف سے فیلڈ گول کر کے برتری کو کم کیا مگر تیسرے کوارٹر کے 13 ویں منٹ میں ڈیلن تھامس نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو ایک بار پھر 2 گول کی برتری دلا دی۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی نیوزی لینڈ کے کھلاڑی چھائے رہے اور آخری لمحات میں سیم لین نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-4 سے فتح دلا دی۔

نیوزی لینڈ کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے، نیوزی لینڈ نے پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا جو برابری پر ختم ہوا تھا، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا پول میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جو 2-2 گول سے برابر رہا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی ویب سائٹ پر موجود پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پول اے میں نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم 2 میچ کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے پاکستان نے 2 میچ کھیل کر 1 پوانٹ حاصل کیا ہے اس طرح پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 4 نمبر پر موجود ہے۔

— انٹرینشل ہاکی فیڈریشن ویب سائٹ
— انٹرینشل ہاکی فیڈریشن ویب سائٹ

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق آسٹریلیا کی ہاکی ٹیم ایک میچ کھیل کر دوسرے نمبر پر ہے، جنوی افریقہ تیسرے اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیم آخری نمبر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں