راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست

04 اگست 2022
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے—فائل فوٹو: این اے ٹوئٹر
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے—فائل فوٹو: این اے ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی منظوری کے بغیر عہدے پر فائز رہنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو ہٹانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ راجا ریاض کو پی ٹی آئی کی مشاورت کے بغیر اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا جو اب بھی قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت ہے کیونکہ اسپیکر نے ابھی تک ان کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر

درخواست میں مزید کہا گیا کہ راجا ریاض کو قواعد و ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی ملی بھگت سے اپوزیشن لیڈر بنایا گیا۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ راجا ریاض کے اس تقرر کا مقصد نیب اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں اپنی مرضی کی تبدیلیاں کرنا تھا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کو مئی میں 17 قانون سازوں کی حمایت سے اس وقت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا تھا جب پارٹی کے 125 ایم این ایز نے اپنی اسمبلی نشستوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے دو منحرف اراکین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب

راجا ریاض گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ایم این اے غوث بخش مہر کے ساتھ، مسلم لیگ (ق) کے ایم این اے مونس الٰہی کے دستبردار ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے انہیں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے لیے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں 17 اراکین اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ درخواست جمع کرائی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں