یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کی ضمنی انتخاب میں شرکت پر سوالات اٹھا دیے

09 اگست 2022
سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ  لوگ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں گے جو قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی کرے—فائل فوٹو:اے ایف پی
سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لوگ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں گے جو قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی کرے—فائل فوٹو:اے ایف پی

پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی شرکت پر سوالات اٹھادیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ملتان میں نکالے جانے والے متعدد ماتمی جلوسوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اپنے استعفے جمع کرانے کے بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں اس لیے اب انہیں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے اور اگر ان کی بیٹی مہر بانو قریشی این اے 157 میں ضمنی انتخاب جیت جاتی ہیں تو اس صورتحال میں وہ بطور ایم این اے کیسے حلف اٹھائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘پارٹی میں موسیٰ گیلانی کے مقابلے میں کوئی بہتر امیدوار ہوتا تو بیٹی کو انتخاب میں کھڑا نہ کرتا’

انہوں نے کہا کہ لوگ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں گے جو قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتا ہو نہ کہ اس امیدوار کو جس کی پارٹی استعفے جمع کرانے کے بعد اسمبلی کا بائیکاٹ کر رہی ہو۔

پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر راجا پرویز اشرف کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور جب انہیں بلایا گیا تو انہوں نے آنے سے انکار کردیا۔

مہنگائی سے متعلق انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کا انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ سخت شرائط کے تحت کیا گیا معاہدہ ملک میں مہنگائی کی بڑی وجہ ہے۔

مزید پڑھیں: یوسف رضا گیلانی نے صادق سنجرانی کا بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب چیلنج کردیا

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عالمی معاہدوں کا احترام کرنے کی پابند ہے جو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں بلکہ ملک کے ساتھ کیے گئے تھے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کو مضبوط بنانے کے لیے قانون اور آئین کی بالادستی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عدلیہ اور الیکشن کمیشن آزاد خود مختار ادارے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا یہاں تک کہ انہیں منتخب وزیر اعظم ہونے کے باوجود وزارت عظمیٰ سے نااہل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صادق سنجرانی کے انتخاب سے متعلق یوسف رضا گیلانی کی درخواست مسترد

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں میاں محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے تمام سینئر رہنما جیل میں رہے۔

پی پی پی رہنما نے الزام لگایا کہ کمشنر ملتان نے این اے 157 کے ضمنی انتخاب سے قبل شدید دباؤ کی وجہ سے چھٹی کی درخواست جمع کرا دی ہے، انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے عوام پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں