فن لینڈ کی وزیر اعظم نے 'متنازع تصویر' پر معافی مانگ لی

اپ ڈیٹ 24 اگست 2022
36 سالہ خاتون رہنما کو رہائش گاہ پر کی گئی پارٹی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تنقید کا سامنا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
36 سالہ خاتون رہنما کو رہائش گاہ پر کی گئی پارٹی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تنقید کا سامنا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

یورپی ملک فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین نے اپنی رہائش گاہ پر لی گئی متنازع تصویر پر معافی مانگ لی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے فن لینڈ کی 36 سالہ خاتون وزیر اعظم کو اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا۔

فن لینڈ کے میڈیا میں زیر گردش تصویر میں 2 خواتین کو بوسہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تصویر میں دکھایا گیا تھا کہ خواتین اپنے جسم کو دکھانے کے لیے اپنے کپڑے اوپر اٹھاتی ہیں اور اپنی چھاتیوں کو ایک سائن سے ڈھانپتی ہیں جس پر 'فن لینڈ' لکھا ہوا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فن لینڈ کی وزیراعظم کا پارٹی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد ڈرگ ٹیسٹ

سانا مارین نے تصدیق کی کہ یہ تصویر کیسرانٹا میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ پر لی گئی تھی جبکہ وہ 8 سے 10 جولائی تک منعقد ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شریک تھیں۔

سانا مارین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ تصویر مناسب نہیں ہے، میں اس پر معذرت چاہتی ہوں، اس طرح کی تصویر نہیں لی جانی چاہیے تھی۔

سانا مارین نے کہا کہ وہ شام گزارنے اور سکون حاصل کرنے کی غرض سے ہیٹ سیشن کے لیے اپنی رہائش گاہ پر اپنے دوستوں کے ہمراہ تھیں۔

مزید پڑھیں: فن لینڈ: خاتون وزیراعظم کی بولڈ تصاویر پر ملک میں ’جنسیت‘ پر بحث

یہ تصویر سب سے پہلے اس میں نظر آنے والی مس فن لینڈ مقابلے میں شریک اور سوشل میڈیا کی بااثر خاتون نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر جاری کی۔

فن لینڈ کے سب سے بڑے اخبار کے ایک اداریے میں اس معاملے پر کہا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ سانا مارین اپنے قابو میں نہیں اور ان کی نجی زندگی کی مزید ایسی متنازع تصاویر اور ویڈیوز عوامی سطح پر ان کا کردار ختم کرسکتی ہیں۔

سانا مارین گزشتہ ہفتے اس وقت دنیا بھر کے میڈیا کی شہ سرخیوں میں آگئی تھیں جب ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہیں اپنے دوستوں اور مشہور شخصیات کے ایک گروپ کے ساتھ رقص کرتے ہوئے ایک پارٹی میں شریک دکھایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں