رشی کپور اور عرفان خان سے متعلق متنازع ٹوئٹ پر اداکار کمال راشد ممبئی سے گرفتار

اپ ڈیٹ 31 اگست 2022
کمال راشد کو آج بھارت کی بوریولی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا،ممبئی پولیس،فوٹو: فیس بک
کمال راشد کو آج بھارت کی بوریولی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا،ممبئی پولیس،فوٹو: فیس بک

بولی وڈ اداکار کمال راشد خان کو آنجہانی بھارتی اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کے حوالے سے متنازع اور نامناسب ٹوئٹس کرنے کی وجہ سے ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمال راشد ‘کے آر کے’ کے نام سے مقبول اداکار کو ہیں، پولیس نے کمال راشد کو متازع ٹوئٹ پوسٹ کرنے پر ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا، رپورٹ کے مطابق کمال راشد ممبئی سے دبئی جارہے ہیں تھے۔

ممبئی پولیس کے مطابق انہیں کل بوریولی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ کمال راشد کے خلاف 2020 میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی تھی جس میں دفعہ 153 (فساد پیدا کرنے کے ارادے سے اشتعال انگیزی کرنا) اور 500 (ہتک عزت کی سزا) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو 2020 میں بولی وُڈ اداکاروں رشی کپور اور عرفان خان کے حوالے سے کی گئیں نازیبا ٹوئٹس کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ان ٹوئٹس کو شدید عوامی ردعمل کے بعد اداکار کی جانب سے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں اداکار رشی کپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ابھی نہ مریں کیونکہ کورونا وائرس کے بعد جلد شراب کی دکانیں کھلنے والی ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس کے بعد انہوں نے اپنی اگلی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کچھ دن قبل میں نے کہا تھا کہ کورونا کچھ بڑی شخصیات کی جانیں لیے بنا نہیں جائے گا، میں نے نام نہیں لیے تھے کیونکہ لوگ مجھ سے بدتمیزی کرتے لیکن میں جانتا ہوں کہ رشی اور عرفان مرنے والے ہیں اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ ان کے بعد کونسی بڑی شخصیت مرنے والی ہے۔

یہ پہلا موقع یا آخری موقع نہیں کہ کمال راشد خان نے کوئی متنازع ٹوئٹ کی ہو بلکہ وہ اپنے کام سے زیادہ ایسی ہی متنازع ٹوئٹس کی وجہ سے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

کمال راشد کئی مرتبہ مشہور ھارتی فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کرن جوہر کی فلموں پر بھی تنقید کرتے رہتے ہیں، 2016 میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کو کرن جوہر کی بنائی ہوئی فلم کے حق میں ٹوئٹ کرنے کے لیے انہیں معاوضہ بھی دیا گیا۔

حال ہی میں انہوں نے مایہ ناز بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ انوشکا شرما کرکٹر ویرات کوہلی کے ڈپریشن کی ذمہ دار ہیں’ تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد انہیں اپنی یہ ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کرنا پڑی تھی۔

کمال راشد کے فلم انڈسٹری کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر مشہور اور باصلاحیت بالی وڈ اداکارہ تپسی پننو اور ہنسل مہتا کا کہنا ہے کہ ‘کمال راشد میری ہر فلم کو برا بھلا کہتے رہے ہیں، کیونکہ میں انہیں ٹوئٹ کرنے کا معاوضہ نہیں دیتا، ایسے لوگوں کی مثال دیمک کی طرح ہے جو پہلے آپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور پھر متنازع ٹوئٹ سے آپ کا گھر خراب کرتے ہیں’۔

بھارتی اداکار سلمان خان کی قانونی ٹیم کے مطابق کمال راشد نے سلمان خان پر بھی کئی الزامات لگائے جن میں بدعنوانی، فراڈ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونا شامل ہے اور اسی وجہ سے سلمان خان ان پر ہتک عزت کا مقدمہ بھی کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں