سیلاب اترتے ہی عمران خان اسلام آباد کی کال دیں گے، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2022
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ پہلے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا گیا، اب غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالاجا رہا ہے — فائل فوٹو:ڈان نیوز
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ پہلے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا گیا، اب غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالاجا رہا ہے — فائل فوٹو:ڈان نیوز

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایک بار پھر اسلام آباد کے لیے کال دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے لکھا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ 608 ارب روپے وصولی کا مزید معاہدہ کیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ایک بار پھر موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے قومی خزانے پر ڈاکا ڈالا گیا اور اب غریبوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ 5 شکلیں جہاں بھی جائیں گی، انہیں گندے انڈے پڑیں گے، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب نے لوگوں کی آنکھیں کھول دی ہیں، سیلاب نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ساکھ راکھ بنادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام لوٹا اراکین کی شکل نہیں دیکھنا چاہتے، جن منی لانڈررز کو اپنے لوگ چندہ دینے کو تیار نہیں، دوسرے ملک کیسے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں پیٹرول خریدنے اور بجلی کا بل دینے کی سکت نہیں، آپ مزید اضافہ کرنے جارہے ہیں۔

شیخ رشید نے مستقبل کے حالات کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر ستم گر ہوگا، سیلاب اترے گا تو سابق وزیر اعظم عمران خان پھر اسلام آباد آنے کی کی کال دیں گے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی

ان کا کہنا تھا کہ چیری بلاسم غور سے سن لو یہ جو میرے اور میرے لوگوں کے خلاف حربے استعمال کر رہے ہو، آپ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملک کی خاطر کوئی ایسی حرکت نہیں کر رہا جس سے ملک کو نقصان ہو، اگر میری کمر دیوار کے ساتھ لگا دی تو یاد رکھیں کورنر ٹائیگر بن جاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سن لو، جتنا دبانے کی کوشش کرو گے، اتنا اور مقابلہ کروں گا، عمران خان

واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کال دوں گا اور حکمرانوں کو اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا کہ حکمرانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ابھی بھی وقت ہے، صاف اور شفاف انتخابات کروائیں، اپنے آپ کو بھی بچاؤ اور میرے ملک کو بھی بچاؤ۔

عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اور ان کے پیچھے جو بھی ہیں، کان کھول کر میری بات سن لو، جتنا ڈرانے اور دبانے کی کوشش کرو گے، اتنا اور مقابلہ کروں گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں