کراچی: ڈکیتی میں مزاحمت پر 2 افراد قتل

04 ستمبر 2022
دونوں افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کی گئیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
دونوں افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کی گئیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے دو مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی کوشش کرنے پر 2 شہری جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق علاقوں ماڈل کالونی اور زمان ٹاؤن میں مشتبہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی کوشش پر ایک نوجوان دکاندار اور ایک راہگیر کو قتل کردیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او مجید کالونی ماجد کورائی نے کہا کہ 25 سالہ دکاندار عثمان مشتاق کاظم آباد میں حضرت علی چوک کے قریب اپنے دکان کے کاؤنٹر پر کھڑے تھے کہ کچھ مسلح موٹر سائیکل سوار ڈکیتی کے ارادے سے دکان پر آگئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: گھروں میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون ڈاکٹر اور پولیس افسر کا گارڈ قتل

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی دکاندار نے ڈاکوؤں سے مزاحمت کی تو انہوں نے گولی چلا دی جس کے نتیجے میں دکاندار جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈکیت کچھ لیے بغیر وہاں سے بھاگ گئے جس کے بعد نوجوان کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کی گئی۔

دوسری جانب زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او ہمایوں احمد خان نے کہا کہ سیکٹر 48 ۔ ایف میں کچھ مشتبہ ڈاکوؤں نے ایک دودھ فروش سے نقد رقم اور دیگر ضروری اشیا چھین لیں جہاں بنگالی برداری کی اکثریت رہائش پذیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: جشن آزادی منانے کیلئے جانے والا شخص مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈکیت کارروائی کرکے وہاں سے بھاگنے لگے تو علاقہ مکینوں نے چلانا شروع کردیا، اسی دوران ایک 35 سالہ راہگیر محمد شفیع نے ڈاکوؤں پر پتھر مارا جس کے بدلے میں انہوں نے گولی چلا دی اور نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا جن کی لاش جناح ہسپتال منتقل کی گئی۔

دوسری جانب لیاقت آباد 4 نمبر میں ڈکیتی کے دوراں ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کرنے پر فائرنگ کے نتیجے 2 شہری زخمی ہوگئے جس کے بعد ڈکیت سامان چھین کر بھاگ گئے۔

مزید پڑھیں: پولیس کا رحمٰن ڈکیت کے بھانجے کی گرفتاری کا دعویٰ

ایس ایچ او سپر مارکیٹ حاجی ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کچھ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد ارم بیکری کے قریب ڈکیتی کے بعد بھاگ رہے تھے کہ علاقہ مکینوں نے شور مچانا شروع کردیا جس کے بعد ایک پنکچر بنانے والا اور کیٹرنگ میں کام کرنے والے دکاندار ڈکیتوں کو پکڑنے کے لیے باہر آگئے۔

پولیس نے کہا کہ ڈکیتوں نے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 50 سالہ شکیل محمد اور 30 سالہ مزمل زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایک اور واقعے میں 45 سالہ ذوالفقار علی اس وقت ڈکیتوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے جب انہوں نے لانڈھی کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی۔ زخمی شخص کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس کے علاوہ لانڈھی 36 بی میں ایک نوجوان بھی ڈکیتی مزاحمت کے دوران زخمی ہوگیا جس کی عمر تقریباً 20 برس بتائی جارہی ہے۔ زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں