ہم اچھی ٹیم ہیں لیکن چیمپیئن ٹیم نہیں، شاداب خان

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2022
شاداب خان نے کہا کہ خاص طور پر میں غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوا، مجھے میچ ختم کرنا چاہیے تھا — فوٹو: اے ایف پی
شاداب خان نے کہا کہ خاص طور پر میں غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوا، مجھے میچ ختم کرنا چاہیے تھا — فوٹو: اے ایف پی

نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھی ہے لیکن چیمپئن نہیں ہے اور گرین شرٹس کو سری لنکا کے خلاف اتوار کے روز ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل مقابلے میں دباؤ سے بہتر طریقے سے نمٹنا چاہیے۔

گزشتہ روز افغانستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کی تھی، میچ کی خاص بات نویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جانب سے 20ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر لگائے گئے لگاتار 2 چھکے تھے۔

فتح کے لیے دیے گئے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز بنانے والے شاداب خان سمیت 118 رنز پر پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے جس کے بعد نسیم شاہ کی شاندار کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس نے ایک وکٹ سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فتح دلا دی

یہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ آسٹریلیا میں اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہے جب کہ شاداب خان نے اپنی ٹیم کو آگاہ کیا ہے کہ میگا ایونٹ کے لیے ابھی مزید تیاری کی ضرورت ہے۔

افغان اسپنر راشد خان کا شکار بننے والے شاداب خان نے کہا کہ میرے خیال میں ایک اچھی ٹیم کو دباؤ میں اس طرح کے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر میں نے ایک غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیلا، میں سیٹ ہوچکا تھا، مجھے میچ ختم کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا جیسا کہ میں نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں کہا تھا کہ ہم ایک اچھی ٹیم ہیں لیکن چیمپئن ٹیم نہیں ہیں اور چیمپئن ٹیم بننا ہمارا مقصد ہے، امید ہے کہ ہم اس پر کام کریں گے اور اپنی غلطیوں کو نہ دہرانے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے شکست پر افغان تماشائی آپے سے باہر، اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ، پاکستانی شائقین پر تشدد

لیگ اسپنر شاداب خان نے27 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل تھی جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسیم شاہ نے اس وقت شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جب ان کی ٹیم کو اس کی ضرورت تھی جب کہ مستقبل میں دوبارہ بھی ایسے ہی کھیل کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری انتظامیہ نے ہمارے باؤلرز کو بیٹنگ کا رول دیا ہوا ہے کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ کھیل میں کیا صورتحال پیش آئے گی، ہمارے گیند باز بیٹنگ کرکے کھیل ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب 19 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے میدان میں آیا تو مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار سکتا ہوں، میں نے ایسا ہی کیا، مجھے پتا تھا کہ وہ یارکر مارنے کی کوشش کریں گے، میں نے کوشش کی اور کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف کیچ گرانے کے بعد بھارتی کرکٹر کی معلومات میں تبدیلی، وکی پیڈیا عہدیدار کی طلبی

اس میچ میں شکست نے افغانستان اور ٹورنامنٹ سے قبل سب سے زیادہ فیورٹ قرار دی جانے والی بھارتی ٹیم کو چھ ملکی ایشیا کپ سے باہر کردیا۔

ایونٹ سے باہر ہونے والی دونوں ٹیمیں آج شام دبئی میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں