سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان لے کر اقوام متحدہ کی 2 پروازیں کراچی پہنچ گئیں

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2022
یہ امدادی اشیا دبئی حکومت اور انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی کے تعاون سے فراہم کیا گیا— فوٹو: آن لائن/پی پی آئی
یہ امدادی اشیا دبئی حکومت اور انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی کے تعاون سے فراہم کیا گیا— فوٹو: آن لائن/پی پی آئی

سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی طبی اشیا اور امدادی سامان لے کر اقوام متحدہ کی 2 پروازیں ہفتے کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس شپمنٹ میں 15.6 ٹن امدادی سامان موجود ہے جس میں ہیضے کی کٹس، پانی اور متعدد مقاصد کے لیے قابل استعمال خیمے شامل ہیں جنہیں طبی خیموں کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ امدادی اشیا دبئی حکومت اور انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی (آئی ایچ سی) کے تعاون سے پاکستان کو فراہم کی گئیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دادو شہر کے گردونواح سیلاب کے سبب مکمل زیر آب آنے کا خطرہ

ڈبلیو ایچ او کی پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے کہا کہ ہم اس وقت طبی سہولیات اور سامان تک رسائی کو یقینی بنانے، بیماری کے پھیلنے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ترکیہ سے عطیہ

اس کے علاوہ ترک ہلال احمر نے 200 خیمے، 1900 کمبل، 300 گدے اور دیگر امدادی اشیا بھی عطیہ کی ہیں، ترکیہ کی جانب سے عطیہ کیا گیا یہ امدادی سامان تفتان میں ہلال احمر پاکستان کے حکام کے حوالے کیا گیا۔

ہلال احمر بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ترک ہلال احمر کی جانب سے امدادی سامان لے جانے والی مزید 2 ٹرینیں جلد پاکستان بھیجی جائیں گی۔

روہڑی تک ریلوے سروس بحال

دوسری جانب 10 مسافر ٹرینیں 15 ستمبر سے بحال کردی جائیں گی جب کہ پاکستان ریلوے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ سندھ کا ریل کے ذریعے رابطہ دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا آغاز

کئی علاقوں میں سیلابی پانی کی وجہ سے پٹڑیاں ڈوب جانے کے بعد 3 ہفتے قبل ٹرین آپریشن معطل کر دیا گیا تھا، تاہم ٹرین سروسز صرف روہڑی ریلوے اسٹیشن تک بحال کی جارہی ہیں۔

ریلوے حکام اس وقت تک لاعلم ہیں کہ کراچی اور بلوچستان کے لیے ٹرین سروس کب بحال ہوگی، خدشہ ہے کہ ان دونوں صوبوں کے درمیان ٹرین سروس بحال ہونے میں مہینوں بھی لگ سکتے ہیں۔

بحال کی جانے والی 10 ٹرینوں میں خیبر میل پشاور سے روہڑی ، رحمٰن بابا ایکسپریس پشاور سے روہڑی، کراچی ایکسپریس لاہور سے روہڑی تک ، تیزگام ایکسپریس راولپنڈی سے روہڑی، گرین لائن ایکسپریس راولپنڈی سے روہڑی تک، علامہ اقبال ایکسپریس وزیرآباد سے روہڑی، فرید ایکسپریس لاہور سے روہڑی تک ، قراقرم ایکسپریس لاہور سے روہڑی تک ، پاک بزنس ایکسپریس لاہور سے روہڑی تک اور جعفر ایکسپریس پشاور سے روہڑی تک شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں