امدادی کوششوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے 'ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ' قائم

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2022
وزیراعظم ذاتی طور پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی نگرانی کریں گے—فائل فوٹو: رائٹرز
وزیراعظم ذاتی طور پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی نگرانی کریں گے—فائل فوٹو: رائٹرز

سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر وفاقی حکومت نے ایک ‘ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ’ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو عوام کو متعلقہ حکام کی جانب سے کیے گئے امدادی اقدامات سے باخبر رکھے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کردہ ڈیش بورڈ وزیرِ منصوبہ بندی اور نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے سربراہ احسن اقبال (آج) پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لانچ کریں گے۔

یہ ڈیش بورڈ عام لوگوں کو ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے موصول اور ان میں تقسیم کی گئی مالی امداد اور امدادی سامان کے بارے میں براہ راست معلومات فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب زدگان کیلئے مختلف ممالک کی جانب سے امدادی سامان کی آمد جاری

وزیراعظم ذاتی طور پر ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی نگرانی کریں گے، جنہوں نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ سیلاب زدگان کے لیے ملنے والی مالی امداد کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایک معروف آڈٹ فرم سے کرایا جائے گا۔

وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زندگی کی سرگرمیاں بحال کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور سڑکوں، پلوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر امدادی اقدامات کی بحالی میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ متاثرین میں اشیائے خور و نوش سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: سیلاب متاثرین کیلئے امداد لے کر اب تک 35 پروازیں دوست ممالک سے آچکیں

اجتماعی میکانزم اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون پر زور دیتے ہوئے انہوں نے سڑکوں کی جلد بحالی اور صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کی طیب اردوان سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ثقافت، یوتھ اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک کروڑ ڈالر کے فراخدلانہ عطیہ پر شکریہ ادا کیا۔

اسی طرح انہوں نے 12 ترک فوجی طیاروں، چار ٹرینوں اور دو ہلال احمر کے ٹرکوں کے ذریعے فوری طور پر خیموں، ہنگامی خوراک کی اشیا اور ادویات کی فوری ترسیل کی صورت میں پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر صدر طیب اردوان اور ترک عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا سیلاب زدہ علاقوں میں آبی امراض سے نمٹنے کیلئے امداد کا اعلان

ترکیہ کے صدر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ‘ابتدائی اندازوں کے مطابق، سیلاب سے پاکستان کی جی ڈی پی میں 2 فیصد سے زیادہ کمی کا امکان ہے’۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غذائی عدم تحفظ کو روکنے کے فوری چیلنج سے نبرد آزما ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں