'یو این جی اے کے اجلاس میں وزیراعظم سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو اجاگر کریں گے'

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2022
وزیراعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے — تصویر: فیس بک/شہباز شریف
وزیراعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے — تصویر: فیس بک/شہباز شریف

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف حالیہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو اجاگر اور موسمیاتی تبدیلی سے درپیش شدید خطرات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے جو 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں منعقد ہوگا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے، شہباز شریف جنرل اسمبلی سے 23 ستمبر کو خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم یو این جی اے کے اجلاس میں شرکت کیلئے 19 ستمبر کو نیویارک جائیں گے

دفتر خارجہ کے مطابق یو این جی اے کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم افریقی یونین، یورپی یونین اور امریکا کی شراکت سے منعقدہ گلوبل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کے خاتمے کے حوالے سے کوپ 27 کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں کئی بین الاقوامی رہنما شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ پلیٹ فارمز موجودہ دور میں بین الاقوامی برادری کو درپیش شدید خطرات کے حل کے حوالے سے عالمی سطح پر اقدامات کے سلسلے میں انتہائی مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یو این جی اے کے صدر، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان، آئی ایف آئیز اور فلاحی اداروں کے سربراہان سمیت متعدد ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر سمیت طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں موجود غیر حل شدہ تنازعات سمیت علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے پاکستان کے خدشات اور نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے۔

مزید پڑھیں: غریب ممالک کا اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات میں معاضے پر زور دینے کا عزم

دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم اس موقع پر عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی مختلف پروگرامز میں شریک ہوں گے۔

ان مصروفیات میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت اور متعدد ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں، میڈیا اور تھنک ٹینکس سے ملاقاتوں کے علاوہ جی 77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور مقبوضہ کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت بھی شامل ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ کثیرالاقوامی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ ایک اہم بین الاقوامی ادارہ ہے جو عالمی امن و استحکام، ترقی اور انسانی حقوق کے علاوہ دنیا بھر میں پائیدار امن و ترقی کی فراہمی کے لیے بنیادی کردار کا حامل ہے۔

دنیا بھر کے ممالک کی نمائندگی ہونے کی وجہ سے جنرل اسمبلی عالمی برادری کو مشترکہ مقاصد کے حصول اور مشترکہ مسائل کے خاتمہ کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم پیش کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے لندن پہنچ گئے

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی یو این جی اے کے اجلاس میں شرکت پاکستان کے کثیرالجہتی مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگی کیونکہ اقوام متحدہ، دنیا میں امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی امور کے حوالے سے کلیدی کردار کا حامل ادارہ ہے۔

اس کے علاوہ ترقی پذیر ممالک کے گروپ آف 77 اور چین کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان، عالمی سطح پر امن، استحکام ، پائیدار ترقی، انسانی حقوق سب کے لیے سمیت دیگر عالمی مسائل کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں