• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:29pm

جاپان اور پاکستان کا 16 کروڑ ڈالر قرض مؤخر کرنے پر اتفاق

شائع September 21, 2022
جاپان اور پاکستان نے  16کروڑ ڈالر قرض کے التوا پر اتفاق کرلیا —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
جاپان اور پاکستان نے 16کروڑ ڈالر قرض کے التوا پر اتفاق کرلیا —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

جاپان اور پاکستان نے جی20 کے قرض مؤخر کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت تقریباً 16 کروڑ ڈالر قرض مؤخر کرنے پر اتفاق کرلیا۔

جاپان کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق اس سے قبل 27 اپریل 2021 کو پاکستان اور جاپان نے 40 ارب جاپانی ین (تقریباً 37 کروڑ ڈالر) اور 22 اکتوبر 2021 کو تقریباً 20 کروڑ ڈالر قرض کے التوا پر اتفاق کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور جاپان کا 37کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی مؤخر کرنے پر اتفاق

مؤخر کردہ قرض کی مجموعی رقم تقریباً 73 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس سے حکومت پاکستان کو کورونا کی وبا اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ اپنی معیشت بحال کرنے کے لیے مالی گنجائش مل گئی ہے۔

جن رعایتی قرضوں کی ادائیگی مؤخر کردی گئی ہے، یہ سہولت 1990 کی دہائی سے 2010 تک پاکستان میں ترقیاتی کاموں جیسے سڑکوں، سرنگوں، پاور پلانٹس کی تعمیر، آب پاشی، پانی کی ترسیل، نکاسی آب وغیرہ کے لیے فراہم کی گئی تھی۔

بیان کے مطابق پاکستان کے لیے رعایتی قرضے کی رقم کم شرح سود کے ساتھ ساتھ طویل رعایتی اور ادائیگی کی مد میں آسان شرط پر حاصل سہولت ہے، گزشتہ معاہدے کے تحت یکم جولائی سے 31 دسمبر 2021 کے درمیان واجب الادا قرض اور سود کی ادائیگی 15 جون 2023 کے بعد دوبارہ شیڈول ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان کا پاکستان میں 4 ماہ بعد پولیو مہم کی بحالی کا خیرمقدم

بیان میں کہا گیا ہے کہ قرض کے التوا کے ساتھ ساتھ حکومت جاپان نے پاکستان کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 70 کروڑ امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جاپان کی طرف سے دی گئی ہنگامی امداد پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثرہ افراد کو خوراک، پناہ گاہیں اور غیر غذائی اشیا، صحت اور طبی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ پانی اور دیگر شعبوں میں متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے انسانی امداد کی سرگرمیوں تحت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو نے پاکستان سے تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جاپان، پاکستانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتے ہوئیں ضروریات کے پیش نظر ہم اپنی طرف سے مدد فراہم کرنے کے لیے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: جاپان کا پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 21 لاکھ ڈالر سے زائد تعاون کا اعلان

جاپانی سفیر نے کہا کہ ’2022 فلڈ ریسپانس پلان‘ کے حصے کے طور پر ہم قومی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور مربوط سرگرمیاں یقینی بناتے ہوئے اپنی امداد میں توسیع کریں گے۔

واضح رہے کہ حکومت جاپان پہلے ہی پاکستان کو ہنگامی سیلابی امداد کے طور پر سیلاب متاثرین کے لیے خیمے اور پلاسٹک شیٹس فراہم کر چکی ہے جو ضرورت مند سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024