آئی جی پنجاب سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ’پولیس ایڈوائزر فار پیس آپریشنز‘ منتخب

02 نومبر 2022
فیصل شاہکار اس اہم عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں—فوٹو : ڈان
فیصل شاہکار اس اہم عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں—فوٹو : ڈان

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس (آئی جی پی) فیصل شاہکار کو سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس کے پولیس ایڈوائزر فار پیس آپریشنز منتخب کرلیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیصل شاہکار اس اہم عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل 6 پاکستانیوں کیلئے بعداز مرگ اعزاز

اس اعلٰی ترین عالمی عہدے پر عموماً یورپ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے سینیئر پولیس افسران کا تعینات کیا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز (ڈی پی او) کی ذمہ داری اقوام متحدہ کی امن فوج کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تیاری، انتظام اور احکامات جاری کرنا ہے، یہ محکمہ رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں مدد کرنے کے لیے وقف ہے۔

ڈی پی او کی جانب سے اقوام متحدہ کے امن مشن کو دنیا بھر میں سیاسی اور ایگزیکٹو پالیسیوں پر ہدایات جاری کی جاتی ہیں، علاوہ ازیں یہ ادارہ سیکیورٹی کونسل، افواج، مالی معاونین اور اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت تنازعات سے نمٹنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ روابط میں کردار ادا کرتا ہے۔

خیال رہے کہ کسی اہلکار کے کلیدی عہدوں پر کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ڈی پی او کا سربراہ کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کیلئے 'مناسب تحفظ کی فراہمی' کا مطالبہ

اس حوالے سے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان میں فیصل شاہکار آئی جی رینک پر فائز واحد پولیس افسر ہیں جو اس عالمی عہدے کے لیے مطلوبہ معیار پر پورا اترتے ہیں، انہیں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے نامزد کردہ دنیا کے اعلیٰ ترین پولیس افسران میں سے منتخب کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے اعلیٰ عہدہ کے لیے اشتہار دینے کے بعد انہیں دفتر خارجہ نے نامزد کیا تھا، عہدیدار نے بتایا کہ 2 برس طویل اس تعیناتی میں اتنی ہی مدت کے لیے مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔

فیصل شاہکار کو اقوام متحدہ نے 100 سے زائد افسران میں سے تحریری امتحان کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا، اس حوالے سے ان کے شاندار پروفائل کو مدنظر رکھا گیا جس میں ان کے امریکا میں خدمات سرانجام دینے کا تجربہ بھی شامل ہے۔

وہ ان ایک درجن پولیس افسران میں شامل تھے جنہوں نے تحریری امتحان پاس کیا اور انہیں اقوام متحدہ کی جانب سے 5 ماہ قبل سینئر حکام کے ایک پینل کے ذریعے انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاکستانی خواتین کی خدمات سے متاثر ہوں، امریکی سفیر

فیصل شاہکار کی یو این ڈی پی او آفس میں تعیناتی کے حوالے سے عہدیدار نے بتایا کہ اس عمل میں 2 مہینے لگ سکتے ہیں۔

دریں اثنا ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پی فیصل شاہکار کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں کام کرنے کا 9 سالہ تجربہ ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ کے تحت مختلف فیلڈ ڈیوٹیز بھی سرانجام دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل شاہکار نے بالترتیب 2005 سے 2008 تک اقوام متحدہ کی اسٹینڈنگ پولیس کیپیسٹی اور اور 2011 سے 2013 تک اقوام متحدہ کے پولیس ڈویژن میں ٹیم لیڈر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔

فیصل شاہکار نے اقوام متحدہ کے مشن کے تحت 3 برس سے زائد عرصے تک لائبیریا اور بوسنیا ہرزیگوینا میں بھی خدمات سرانجام دیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے فیصل شاہکار کو اس اہم عہدے کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں