’جوائے لینڈ‘ کا ٹریلر ریلیز

اپ ڈیٹ 05 نومبر 2022
فلم رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ
فلم رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ

ملک میں ریلیز سے قبل متعدد عالمی ایوارڈز جیتنے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں تمام مرکزی کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

دو منٹ سے کم دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس کی کہانی ٹرانس جینڈرز افراد کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر میں مرکزی اداکار علی جونیجو کو بھی بے روزگاری کے باعث ترانس جینڈرز افراد کے ساتھ تھیٹر میں مل کر کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ علی جونیجو جب ٹرانس جینڈرز کمیونٹی کا حصہ بنتے ہیں، تب وہ ان ہی میں سے کسی ایک شخص کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں اور یہیں فلم سے فلم کی کہانی نیا رخ لیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

ٹریلر میں علی جونیجو کو ایک گھرانے کے فرد کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنے سخت گیر والد سے تھیٹر میں بطور مینیجر کی ملازمت کرنے کا جھوٹ بول کر تھیٹر میں کام کرنے کی اجازت لیتے ہیں۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس میں سسپنس اور تھرلر بھی دیکھنے کو ملے گا جب کہ رومانس کو بھی منفرد انداز میں دکھائے جانے کا امکان ہے۔

فلم کو متعدد ممالک میں پیش کیا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو متعدد ممالک میں پیش کیا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ

فلم کے ٹریلر سے قبل گزشتہ ماہ اس کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جب کہ حال ہی میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر فلم کی ٹیم کو جوائن کیا تھا۔

صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’جوائے لینڈ‘ کے ٹیزر سے شائقین خوش

جوائے لینڈ کو ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

حال ہی میں فلم کے اداکار علی جونیجو کو بھی برازیل کے ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں اعلیٰ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

فلم نے چند عالمی ایوارڈ جیت رکھے ہیں—اسکرین شاٹ
فلم نے چند عالمی ایوارڈ جیت رکھے ہیں—اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔

فلم کی ٹیم کے مطابق ’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جو کہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کانز فیسٹیول میں پیش

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان بھر میں رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں