انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر مارک ووڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ پریشان کن ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق مارک ووڈ نے بتایا کہ انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر بھروسہ ہے کہ اگر سیکیورٹی خدشات ہوئے تو وہ اس کا جائزہ لے گا۔

واضح رہے کہ سابق کرکٹر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اپریل میں حکومت ختم ہوئی تھی، انہیں لانگ مارچ کے چھٹے روزجمعرات (3 نومبر) کو ٹانگ میں گولی لگی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: سری لنکا کو شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

مارک ووڈ پاکستان میں 7 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں شامل تھے جو ستمبر اور اکتوبر میں کھیلی گئی تھی، 32 سالہ کھلاڑی انگلینڈ کے اس اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں جو دسمبر میں راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں ٹیسٹ میچز میں حصہ لے گا۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں سری لنکا کے ساتھ مقابلے سے قبل مارک ووڈ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ظاہر ہے یہ صورت حال اچھی نہیں ہے۔

عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ سابق کرکٹر ہیں لہٰذا وہ ہمارے قریب ہیں اور یہ خبر بہت افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے لحاظ سے (ٹی 20 کا دورہ) میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ دورہ شان دار تھا، ہمارا اچھا خیال رکھا گیا لیکن میں جھوٹ بولوں گا اگر یہ کہوں کہ میں پریشان نہیں ہوں کیونکہ ہمیں واپس وہاں جانا ہے جہاں پر صورت حال پریشان کن ہے۔

مارک ووڈ نے کہا کہ جو لوگ اوپر بیٹھے ہیں، جو بھی ہوتا ہے، ان لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے، تاہم یہ پریشان کن ہے کہ بطور کرکٹر آپ ایسے ملک میں جا رہے ہیں جہاں بدامنی ہے، اس معاملے کو دیکھنا ہمارا نہیں ملک کا کام ہے، ہمیں اپنے سیکیورٹی اہلکاروں پر بھروسہ ہے، جو یہ بتاتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویمن ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار 300 سے زائد رنز بنا ڈالے، آئرلینڈ کو 128 رنز سے شکست

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کی طرح پاکستان کا طے شدہ دورہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ختم کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا ٹیم کی بس پر عسکریت پسندوں کی جانب سے حملے کے بعد بین الاقوامی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرتی رہیں، جس میں 6 پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں