شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2022
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی— فائل فوٹو: ٹوئٹر
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی— فائل فوٹو: ٹوئٹر

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے طلاق کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل ’زی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، تاہم دونوں کے قریبی دوستوں کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب صرف کاغذی کارروائی مکمل ہونا باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک دہائی بعد ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے شادی کرنے کا راز بتادیا

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اس وقت دبئی میں مقیم ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے نجی اسپورٹس چینل کے ساتھ پروگرام کر رہے ہیں۔

حال ہی میں ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ ’وہ لمحات جو مشکل ترین دنوں میں میرا ساتھ دیتے ہیں‘۔

اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کے علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

بھارٹی میڈیا کے مطابق پاکستان میں شعیب ملک کے مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ٹیم رکن نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں کے درمیان باضابطہ طور پر علیحدگی ہوچکی ہے، میں مزید تفصیلات نہیں بتانا چاہتا لیکن اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی ہے‘۔

یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ثانیہ مرزا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شعیب ملک کی تصاویر بھی ڈیلیٹ ہوچکی ہیں، تاہم ان کے اکاؤنٹ میں صرف ایک یا دو تصاویر اب بھی موجود ہیں، کچھ روز پہلے ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’ٹوٹے ہوئے دل جائیں کہاں؟‘

ثانیہ مرزا کی یہ اسٹوری بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔

حال ہی میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک اپنے بیٹے ازہان ملک کی سالگرہ کے موقع پر ایک ساتھ موجود تھے، اپنے بیٹے کی سالگرہ کے لیے شعیب ملک پاکستان سے دبئی پہنچے تھے، انہوں نے اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں لیکن اُس وقت دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش نہیں کر رہی تھیں۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔

شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے تھے۔

شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ 6 دسمبر 2021 میں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ شعیب ملک نے دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ دونوں جلد ہی ایک ٹاک شو شروع کرنے جارہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

SamiK Nov 11, 2022 01:29am
Only because India lost?