1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے ٹی 20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے بڑی جان ماری، اور آخری گیند تک کوشش کرتے رہے، جس طرح فائنل میں پہنچے، ساری قوم پاکستان ٹیم کو مبارکباد دے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے سیم کرن اور بین اسٹوکس کے عمدہ کھیل کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے، پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ہدف کے دفاع کی بھرپور کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو فائنل میں شکست، انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی20 کا چیمپیئن بن گیا

لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انٓصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ میری قوم صدمے سے گزر رہی ہے کیونکہ ہم سب امید لگا کر بیٹھے تھے کہ اس بار ہم ورلڈ کپ جیتیں گے، تاہم ہار جیت ہوتی ہے، میں اپنی ٹیم کو بھی کہتا تھا کہ پوری کوشش کرو لیکن جب نتیجہ آ جاتا ہے اور انسان نے پوری کوشش کی ہوتی ہے تو پھر انسان کہتا ہے کہ اللہ کی مرضی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بڑی جان ماری، اور جس طرح آخری گیند تک کوشش کرتے رہے، شاہین شاہ آفریدی زخمی ہو گئے، اس کا کوئی کچھ نہیں کرسکتا تھا، اور اس وقت ہوئی جب اہم مرحلہ تھا اور وہ فرق پڑ سکتا تھا، دعا کرتے ہیں کہ شاہین آفریدی پوری طرح فٹ ہو جائیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم پاکستان ٹیم کو مبارکباد دے جس طرح وہ فائنل میں پہنچی ہے، جو ہمارا فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے، کہہ سکتا ہوں کہ دنیا میں بہترین فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے۔

مزید پڑھیں: ’قومی ٹیم، آپ چیمپئنز کی طرح کھیلے‘، حکمراں، اپوزیشن سمیت سیاستدان ایک پیج پر

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم دنیا کے ورلڈ کلاس بلے باز ہیں، یہ سارے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اب پاکستان ٹیم کا شمار دنیا کے ٹاپ ٹیموں میں ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں