فیفا ورلڈکپ میں تاریخی کامیابی پر سعودی عرب میں جشن، عام تعطیل کا اعلان

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں مضبوط ارجنٹینا کو اپ سیٹ شکست دینے کی خوشی میں سعودی عرب میں بروز بدھ 23 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا اور ملک بھر میں جشن منایا جا رہا ہے۔

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے تیسرے روز بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں سعودی عرب نے مضبوط ارجنٹینا کی ٹیم کو 1-2 سے شکست دے دی، گروپ سی کا مقابلہ ارجنٹینا اور سعودی عرب کے درمیان ہوا جہاں شہرہ آفاق فٹ بالر لیونل میسی نے 10ویں منٹ میں پہلا گول کرکے برتری ضرور ثابت کی لیکن اسے آخر تک برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فیفا نے ارجنٹینا کی شکست کو ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 23 نومبر کو تمام سرکاری اور نجی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا، اس کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں میں بھی طلبہ کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جیسے ہی سعودی عرب نے میچ جیتا اس کے بعد پورے دارالحکومت ریاض میں جشن کا سماں بندھ گیا، شائقین نے تیز رفتار کاروں کی کھڑکیوں سے تلواروں سے مزین قومی پرچم لہراتے ہوئے اور رقص کرتے نظر آئے۔

الخباریہ کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو میچ جیتنے کے بعد خوشیاں مناتے دیکھا جاسکتا ہے، ان کے ساتھ وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بھی موجود ہیں۔

ملک علی رضا کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ سعودی عرب کی جیت کی خوشی میں جشن منا رہے ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھڑ سوار سعودی عرب کے جھنڈے تھامے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سعودی ہاؤس میں جشن کا سماں ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کو مبارکباد

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کے ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فٹ بال کا کیا میچ تھا، سعودی عرب نے ورلڈکپ میں ارجنٹینا کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی، جیت پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں