فٹبال ورلڈ کپ: گروپ سی، گروپ ڈی کے میچز برابری پر ختم

23 نومبر 2022
دو میچ برابری پر ختم ہوئے اور چاروں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دیا گیا—فوٹو:رائٹرز
دو میچ برابری پر ختم ہوئے اور چاروں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دیا گیا—فوٹو:رائٹرز

فٹ بال ورلڈ کپ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں جہاں تیسرے روز پہلے میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو اپ سیٹ شکست دی جبکہ گروپ سی اور گروپ ڈی کے میچز بغیر کسی نتیجے کے برابرہ ختم ہوگئے اور تمام ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔

قطر کے شہر الریان میں ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں دوسرا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں تیونیشیا اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا گیا۔

دونوں ٹیموں نے رواں ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں جیت کے لیے سرتوڑ کوششیں کیں لیکن گول کرنے میں ناکام رہیں اور یوں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

شمالی افریقی ٹیم تیونیشیا کے کھلاڑیوں نے میچ کے شروع میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا جہاں ان کے حق میں تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

دوسری جانب ڈنمارک کی ٹیم نے مہارت کا مظاہرہ کیا اور تیونیشیا کے ابتدائی حملوں کو ناکام بنایا اور ان کے اسٹرائیکر کرسٹیان ایرکسن بہترین کھیل پیش کیا لیکن تیونیشیا کے دفاعی کھلاڑیوں نے ان کے حربے ناکام بنائے۔

ورلڈ کپ کے تیسرے روز ہونے والا تیسرا میچ میکسیکو اور پولینڈ کے درمیان کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیمیں میچ کو نتیجہ خیز بنانے میں ناکام رہیں۔

میکسیکو کے گول کیپر گوئیلیرمو اوشوا نے پولینڈ کا زبردست حملہ ناکام بنایا اور اس طرح اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی کو ورلڈ کپ میں اولین گول کرنے کا موقع ضائع ہوگیا۔

میدان میں 40 ہزار تماشائیوں کی گنجائش تھی جہاں میکسیکو اور پولینڈ کی ٹیم کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

میچ میں مجموعی طور پر میکسیکو کی ٹیم چھائی رہی لیکن اہم کھلاڑی کی غیرموجودگی میں ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔

گروپ سی میں دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ نتیجہ خیز نہ بنا سکیں اور مقابلہ 0-0 سے برابر رہا، دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا۔

گروپ ڈی کا دوسرا میچ دفاعی چمپیئن اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں