ریچا چڈا کی انڈین فوج کے خلاف ٹوئٹ پر بھارتی برہم

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2022
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ پر معافی مانگ لی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ پر معافی مانگ لی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ’بھولی‘ کہلانے والی اداکارہ ریچا چڈا کو بھارتی فوج کے خلاف کی گئی اپنی ٹوئٹ پر اس وقت معافی مانگنی پڑی جب پوری قوم نے ان کی تین الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ریچا چڈا نے 24 نومبر کو ایک مختصر ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے ’گلوان سلام کہہ رہا ہے‘ لکھا اور ان کی ٹوئٹ کو بھارتی فوج کی توہین سمجھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے مذکورہ ٹوئٹ بھارتی فوج کے ناردرن آرمی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کے ایک بیان کے بعد شیئر کی تھی۔

جنرل اوپیندرا دیودی نے 23 نومبر کو بیان دیا تھا کہ اگر حکومت فوج کو حکم دے گی تو فوج آزاد کشمیر پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کرلے گی۔

جنرل اوپیندرا دیودی کے بیان کے بعد ریچا چڈا نے جون 2020 میں بھارتی فوج کی چینی فوج کے ہاتھوں متنازع علاقے لداخ کے مقام ’گلوان‘ پر شکست کی ذو معنی ٹوئٹ کی۔

ریچا چڈا نے ’گلوان‘ کے مقام پر چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی شکست اور 20 بھارتی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی بات نہیں لکھی، تاہم انہوں نے صرف یہ لکھا کہ ’گلوان سلام کہہ رہا ہے‘۔

اداکارہ کی مذکورہ ٹوئٹ پر بھارت بھر کے لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ٹوئٹ کو فوج کی توہین قرار دیا۔

ان کی ٹوئٹ پر بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کی ٹوئٹ پر افسوس کیا اور لکھا کہ فوج ہے تو بھارتی عوام ہیں۔

ان کی طرح فلم پروڈیوسر اشوک پنڈت نے بھی ریچا چڈا کے خلاف ٹوئٹ کی اور ریاست مہاراشٹر کی پولیس کو اپیل کی کہ وہ اداکارہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کریں۔

بعد ازاں اشوک پنڈت نے بتایا کہ انہوں نے ریچا چڈا کے خلاف ممبئی کے تھانے میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست جمع کروادی۔

علاوہ ازیں ریچا چڈا کی ٹوئٹ پر دیگر شخصیات نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا، جس کے بعد اداکارہ نے اپنی تین الفاظ پر مشتمل ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگی۔

ریچا چڈا نے ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے معافی مانگی اور لکھا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے تین الفاظ لوگوں کی دل آزاری کا سبب بنیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ ان کے نانا فوج میں تھے اور وہ چین- بھارت جنگ کے دوران زخمی بھی ہوئے جب کہ ان کی والدہ کا تعلق بھی فوج سے رہا ہے اور ان کی رگوں میں فوج کا خون دوڑتا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ جب کوئی فوجی جوان جنگ میں ہلاک ہوتا ہے تو اس کے اہل خانہ پر کیا قیامت گزرتی ہے اور ان کا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔

اگرچہ اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے معافی بھی مانگی مگر اس باوجود لوگوں نے انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر شوبز میں پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔

بھارتیوں نے ریچا چڈا پر تنقید کرتے ہوئے ان کی مسلمان اداکار علی فضل سے شادی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی مسلمان سے شادی کو بھارتی فوج سے نفرت سے جوڑنے کی کوشش بھی کی۔

علاوہ ازیں ان کی پرانی تصویر اور ویڈیوز شیئر کرکے ان کا پاکستان کے ساتھ تعلق جوڑنے کی کوشش بھی کی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ ہمیشہ ہی پاکستان کی طرفداری کرتی رہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں