اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ڈی ایف) نے پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی سہولت میں توسیع کردی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی ہدایات پر اس فیصلے پر عمل کیا گیا۔

یاد رہے کہ 18 ستمبر 2022 کو سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ڈی ایف) نے پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی سہولت میں توسیع کی تصدیق کی تھی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ 3 ارب ڈالر کی رقم 5 دسمبر 2022 کو واپس کرنا تھی، جس کی مدت ایک سال کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔

ایس بی پی نے کہا تھا کہ یہ ڈپازٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس رکھے جاتے ہیں اور یہ غیر ملکی زرمبادلہ کا حصہ ہوتے ہیں۔

مزید بتایا گیا تھا کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے کہ 24 مئی 2022 کو سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ ’ہم اس وقت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں‘۔

سعودی عرب نے گزشتہ برس پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کیے تھے تاکہ پاکستان کے قومی ذخائر میں مدد ملے۔

سعودی عرب کے وزیر خزانہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں تاہم رواں سال یکم مئی کو دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ ڈپازٹ میں توسیع کے لیے شرائط یا دوسرے ذرائع کے ذریعے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

محمد الجدعان نے کہا تھا کہ پاکستان ایک اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

توسیع سے پاکستان کی معیشت کو مدد ملے گی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے فنڈ کی توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر کرنے میں مددگار ہوگا۔

انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ معاشی خود انحصاری پہلا قومی ایجنڈا ہے، جس کے لیے سیاسی استحکام اور متوازن معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی حکومت اور شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہزادہ سلمان کی پاکستان سے محبت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے تسلسل کے تحت سعودی فنڈ برائے ترقی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں اپنے 3 ارب ڈالر جمع کرنے کی مدت میں توسیع کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں