کراچی: ڈاکو شاپنگ بیگ چھین کر فرار، خاتون کا بیگ میں نومولود بچی کی موجودگی کا دعویٰ

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2022
پولیس نے بتایا کہ عجیب وغریب واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں ہے — فائل فوٹو: اڈوب اسٹاک
پولیس نے بتایا کہ عجیب وغریب واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں ہے — فائل فوٹو: اڈوب اسٹاک

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں 2 ڈاکوؤں نے خاتون سے ’کپڑے کا شاپنگ بیگ‘ چوری کرلیا، خاتون نے دعویٰ کیا کہ بیگ میں مبینہ طور پر 11 دن کی بچی موجود تھی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ عجیب و غریب واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جنواری نے ڈان کو بتایا کہ شاہد سومرو کی بیوی عینی بیگم اپنے رہائشی علاقے مشرف کالونی میں بس کے انتظار میں کھڑی تھی۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ بس میں بیٹھ کر وہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے روبی موڑ پہنچیں جہاں 2 ڈاکو شاپنگ بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے نومولود بچی کو سردی سے بچانے کے لیے شاپنگ بیگ میں رکھا تھا، خاتون نے بتایا کہ ان کی بچی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اسی لیے وہ بچی کو علاج کے غرض سے بلدیہ ٹاؤن کے ہسپتال لے جارہی تھیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ مشتبہ ڈاکوؤں نے خاتون سے موبائل فون کے علاوہ کچھ نہیں لیا۔

پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے خاتون کو دکھائی لیکن خاتون ویڈیو میں موجود کسی بھی شخص کو شناخت نہیں کر سکیں۔

ایس ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں