نیم عریاں لباس میں شوٹنگ: عرفی جاوید کو دبئی میں حراست میں لے لیا گیا

21 دسمبر 2022
اداکارہ سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی—فوٹو: انسٹاگرام

بولڈ لباس اور انداز کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنے والی متنازع بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں نیم عریاں لباس کے ساتھ شوٹنگ کروانے پر حراست میں لے لیا گیا۔

عرفی جاوید ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں، انہیں متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے پہلے سیزن میں شرکت کے بعد شہرت ملی۔

عرفی جاوید نے اب تک ایک درجن کے قریب ٹی وی ڈراموں اور چند ویب سیریز میں کام کیا ہے، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

عرفی جاوید کو ان کے لباس کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے، جب کہ ان کے فیشن سینس کو بھی بھارتی روایات کے خلاف قرار دیا جاتا رہا ہے۔

دو ماہ قبل اکتوبر میں ان کی جانب سے پرانے بولی وڈ گانے ’ہائے ہائے یہ مجبوری‘ میں بولڈ لباس کے ساتھ پرفارمنس کرنے پر بھی ان کے خلاف ہندوؤں نے قانونی چارہ جوئی کی تھی اور ان کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج کیے گئے تھے۔

لیکن اب انہیں دبئی میں ایک عوامی مقام پر نیم عریاں لباس پہن کر شوٹنگ کروانے پر حراست میں لے لیا گیا۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ رپورٹس ہیں کہ عرفی جاوید کو نیم عریاں لباس کی وجہ سے نہیں بلکہ انہیں عوامی مقام پر نامناسب انداز میں جانے پر حراست میں لیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی میں عوامی مقامات پر نیم عریاں یا فحش لباس پہننے کی اجازت نہیں ہے اور اسی وجہ سے ہی عرفی جاوید کو حراست میں لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق عرفی جاوید کو دبئی پولیس نے حراست میں لے کر ان سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی اور امکان ہے کہ انہیں فوری طور پر واپس ہندوستان آنے سے بھی روکا جائے گا۔

عرفی جاوید ایک ہفتہ قبل ہی کچھ شوٹنگز کے لیے دبئی پہنچی تھیں اور انہوں نے وہاں سے ہی انسٹاگرام پر بولڈ انداز کی تصاویر اور ویڈیوز بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عرفی جاوید کو دبئی پولیس چند دن تک حراست میں رکھ کر ان کی دبئی میں موجودگی کے وقت کی پوری تفتیش کرنے کے بعد انہیں رہا کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں