زرعی صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 3 روپے 60 پیسے سستی

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2022
زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا اطلاق ڈسکوز اور کے-الیکٹرک پر بھی ہوگا — فائل فوٹو: کے الیکٹرک ویب سائٹ
زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا اطلاق ڈسکوز اور کے-الیکٹرک پر بھی ہوگا — فائل فوٹو: کے الیکٹرک ویب سائٹ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کسان پیکیج کے تحت زرعی صارفین کے لیے بجلی 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ سستی کردی، جس کا اطلاق کے-الیکٹرک سمیت تمام کمپنیوں پر ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق زرعی صارفین کے لیے بجلی سستی کرکے بنیادی ٹیرف 13 روپے فی یونٹ مقرر کردیا گیا ہے جو اس سے قبل 16 روپے 60 پیسے تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاور ڈویژن نے 14 دسمبر کو ٹیرف میں کمی کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کروائی تھی۔

نیپرا کے مطابق زرعی صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا اطلاق ڈسکوز سمیت کے-الیکٹرک کے زرعی صارفین پر ہوگا۔

زرعی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 13 روپے کا نفاذ نومبر 2022 کے بلوں سے ہوگا، جس کے نتیجے میں صارفین کو 28 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا نے بتایا کہ زرعی صارفین کے لیے سستی بجلی کے لیے یہ پیسے سبسڈی کی مد میں وفاقی حکومت ادا کرے گی۔

ڈسکوز اور کے-الیکٹر کے یکساں ٹیرف کا فیصلہ محفوظ

قبل ازیں نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ڈسکوز اور کے-الیکٹرک کے یکساں ٹیرف کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر عوامی سماعت مکمل کرلی گئی ہے۔

نیپرا نے بیان میں کہا کہ عوامی سماعت چئیرمین نیپرا انجینئر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی، جس میں نیپرا اراکین انجینئر رفیق احمد شیخ، انجینئر مقصود انور خان اور انجینئر مطہر نیاز رانا بھی موجود تھے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کے-الیکٹرک کا ٹیرف ڈسکوز کے ساتھ یکساں کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جبکہ ڈسکوز کے لیے مالی سال 22-2021 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اوسط 3 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

نیپرا نے کہا کہ وفاقی حکومت یکساں ٹیرف کے حوالے سے کے-الیکٹرک کے لیے بھی یکساں اضافے کی منظوری چاہتی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ یہ ایڈجسٹمنٹ اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں استعمال کیے گئے یونٹ پر چارج کی جائے گی اور منظوری کی صورت میں یہ ایڈجسٹمنٹ جنوری سے اپریل 2023 تک 4 ماہ میں وصول کی جائے گی۔

نیپرا نے بتایا کہ سماعت کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کے-الیکٹرک نے نومبر میں ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی 9 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں۔

کے-الیکٹرک کی جانب سے جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 83 پیسے کم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جب کہ اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 88 پیسے کمی کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا نے 30 نومبر کو سماعت کے بعد کے-الیکٹرک صارفین کے لیے ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ میں 2 روپے 15 پیسے فی یونٹ اور سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) میں 7 روپے 83 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی تھی۔

کے الیکٹرک نے اکتوبر میں پیدا ہونے والی سستی بجلی کی وجہ سے صارفین کو تقریباً 3 ارب 16 کروڑ روپے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے واپس کرنے کے لیے ایف سی اے میں تقریباً 1.9 روپے فی یونٹ کمی کا مطالبہ کیا تھا، نیپرا نے ڈیٹا کی جانچ کے بعد 3 ارب 59 کروڑ روپے ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے 2.15 روپے فی یونٹ کی منفی ایڈجسٹمنٹ کی تھی۔

کے الیکٹرک نے اپنی دوسری درخواست میں جولائی تا ستمبر کے لیے تقریباً 7.8 روپے فی یونٹ منفی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کیا تھا اور نیپرا نے 7.83 روپے فی یونٹ کی کمی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں