سینیٹ اجلاس: وزیر مملکت مصدق ملک نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کردی

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2023
مصدق ملک نے سینیٹ اجلاس میں کہا کہ گیس کی قیمتیں ہر صورت بڑھانی چاہئیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
مصدق ملک نے سینیٹ اجلاس میں کہا کہ گیس کی قیمتیں ہر صورت بڑھانی چاہئیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے ترقی کرنا ہے تو گیس کی قیمتیں ہر صورت بڑھنی چاہئیں۔

سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتیں ہر صورت بڑھانی چاہئیں، مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا گیا، مگر یہ بوجھ قومی خزانے پر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہو رہی ہے، صرف سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو چولہے جلانے کے لیے 1400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس چاہیے، گیس کے اضافی کنکشن ایل این جی پر دے سکتے ہیں جو بہت مہنگی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کابینہ اراکین سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز ہے کہ قومی خزانے پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دور اقتدار میں اوگرا کے قانون کو تبدیل کیا گیا جو نہیں بدلنا چاہیے تھا۔

خیال رہے کہ 11 جنوری 2023 کو اوگرا نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن گیس کمپنیوں کو گیس کی قیمتوں میں بالترتیب 74.42 اور 75.35 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔

دونوں کمپنیوں نے اوگرا سے قیمت میں اضافے کی درخواست کی تھی جس کا اطلاق جولائی 2022 سے ہوگا، اس سلسلے میں سوئی ناردرن نے 1294.02 روپے اور سوئی سدرن نے 667.44 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی تھی۔

قیمتوں میں اضافے کا یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا گیا تھا جو آئندہ 40 دن میں اس حوالے سے ریگولیٹری ادارے کو گیس کے کم از کم نرخوں اور ہر کیٹیگری کے ریٹیل صارفین کے لیے گیس کی قیمت کے حوالے سے سفارشات دینے کی پابند ہے۔

اگر وفاقی حکومت آئندہ 40 دن میں سفارشات پیش نہیں کرتی تو اوگرا نے گیس کے جن نرخوں کا تعین کیا ہے اس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

اوگرا نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ گیس کی قیمت فروخت اوگرا کی جانب سے متعین کردہ کمپنیوں کی مالی ضروریات سے کم نہ ہو۔

بلوچستان کے غریب عوام کی زمینوں پر نیوی قابض ہے، سینیٹر نسیمہ احسان

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی آزاد سینیٹر نسیمہ احسان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ بلوچستان میں نیوی یا اور کوئی ادارہ آئے گا تو ہم خود کو محفوظ سمجھیں گے اور صوبے کی ترقی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن اب ایسے حالات ہیں کہ بلوچستان کے غریب عوام کی زمینوں پر نیوی قابض ہے، ہماری بلوچستان کے عوم سے بات ہوئی ہے، ان زمینوں میں سفید پوش لوگوں کی بھی زمینیں ہیں۔

سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا کہ انہوں نے سمجھا کہ ہم بات کرکے مسئلہ حل کرالیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، وہاں کے لوگ احتجاج کرنے کو تیار ہیں، وہ کہتے ہیں اب ہم نیوی کے خلاف احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی شکایات سنی جائیں، نیوی کی جانب سے زمین پر قبضے کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے نیوی کی جانب سے زمینوں پر قبضوں کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

وزیر اعظم آفس کیلئے استعمال فنڈز کی تفصیلات ایوان میں پیش

اس کے علاوہ سینیٹ اجلاس میں گزشتہ 3 سالوں کے دوران وزیر اعظم آفس کے لیے مختص اور استعمال فنڈز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم آفس کے لیے ایک ارب 17 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا اور وزیر اعظم آفس کے اخراجات 90 کروڑ روپے سے زائد رہے۔

ڈان کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق وزیراعظم آفس کے لیے سنہ 20-2019 کے دوران 38 کروڑ 80 لاکھ روپے بجٹ مختص کیا گیا جبکہ 31 کروڑ 50 لاکھ روپے استعمال ہوئے۔

اس کے علاوہ سال 21-2020 میں 38 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص تھے جبکہ 30 کروڑ استعمال ہوئے اور 22-2021 کے دوران 40 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جبکہ 38 کروڑ 40 لاکھ روپے استعمال ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں