شرلن چوپڑا کی مبینہ برہنہ ویڈیوز میڈیا کو دکھانے پر راکھی ساونت گرفتار

19 جنوری 2023
دونوں اداکاراؤں کو متنازع اور ڈراما کوئین کہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکاراؤں کو متنازع اور ڈراما کوئین کہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی پولیس نے بھارتی اسکینڈل و ڈراما کوئین راکھی ساونت کو بولڈ اداکارہ شرلن چوپڑا کی مبینہ برہنہ ویڈیوز اور تصاویر صحافیوں کو دکھانے پر گرفتار کرلیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راکھی ساونت کو ممبئی کے امبولی تھانے کی پولیس نے 19 جنوری کی سہ پہر سے قبل گرفتار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ راکھی ساونت 19 جنوری کو اپنی ڈانس اکیڈمی کا افتتاح کرنے والی تھیں مگر اکیڈمی کے افتتاح سے چند گھنٹے قبل ہی اداکارہ کو پرانے کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راکھی ساونت کے خلاف بولڈ و متنازع اداکارہ شرلن چوپڑا نے گزشتہ برس نومبر میں سائبر کرائم ایکٹ سمیت بدنام کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا، جس بنیاد پر راکھی ساونت کو گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ راکھی ساونت پر الزام ہے کہ انہوں نے پریس کانفرنسز کے دوران صحافیوں کو شرلن چوپڑا کی مبینہ برہنہ ویڈیوز اور تصاویر دکھا کر انہیں بدنام کیا اور ان کے لیے نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق شرلن چوپڑا نے راکھی ساونت کے خلاف گزشتہ برس امبولی تھانے میں مقدمہ دائر کروایا تھا، جس پر پولیس نے اب کارروائی کرتے ہوئے اداکارہ کو گرفتار کیا۔

راکھی ساونت کی گرفتاری کے حوالے سے شرلن چوپڑا نے اپنی ٹوئٹ میں بھی بتایا اور ساتھ ہی کہا کہ اب اداکارہ کو ایک دن بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

راکھی ساونت کی گرفتاری کے بعد شرلن چوپڑا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ طور پر گرفتار اداکارہ کو آج ہی عدالت میں پیش کرکے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

شرلن چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے نومبر 2022 میں امبولی تھانے میں راکھی ساونت کے خلاف ایک درخواست دی تھی، جس کی بنیاد پر اسی دن ہی پولیس نے راکھی ساونت کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

بولڈ اور متنازع اداکارہ کے مطابق راکھی ساونت نے ان کے حوالے سے متعدد صحافیوں کو ان کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر دکھائیں اور ساتھ ہی میڈیا کے سامنے ان کے لیے غلیظ زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں جسم فروش قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ راکھی ساونت نے میڈیا کے سامنے جھوٹا دعویٰ کیا کہ شرلن چوپڑا کو ماضی میں پولیس جسم فروشی کے الزام میں گرفتار کر چکی ہے جس پر امبولی پولیس نے تحقیق کی اور راکھی ساونت کے دعوے جھوٹے نکلنے پر ہی اداکارہ کو گرفتار کیا گیا۔

شرلن چوپڑا کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی فلم ساز ساجد خان اور راج کندرا کے خلاف جنسی ہراسانی کی بات کرتی ہیں تو راکھی ساونت انہیں بچانے آجاتی ہیں اور کہتی ہیں وہ دونوں ان کے بھائی ہیں، اس لیے ان کے خلاف کوئی بھی سچ نہ بولیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں شرلن چوپڑا ساجد خان اور راج کندرا پر سنگین الزامات عائد کر چکی ہیں۔

اداکارہ دونوں شخصیات پر جنسی ہراسانی اور پورن ویڈیوز شوٹ کروانے کے لیے بلیک میلنگ جیسے الزامات بھی لگا چکی ہیں جب کہ خود وہ بھی فحش الزامات میں متعدد بار گرفتار ہو چکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں