شادی کے بعد بھارت چھوڑ کر امریکا منتقل ہوجانے والی اداکارہ 40 سالہ پریانکا چوپڑا نے پہلی بار اپنے ہاں ’سروگیسی‘ یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے بچے کی پیدائش پر کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں طبی پیچیدگیاں لاحق ہیں۔

پریانکا چوپڑا اور ان کے امریکی شوہر گلوکار 30 سالہ نک جونس نے جنوری 2022 میں انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں ’سروگیسی‘ کے ذریعے پہلی بچی کی پیدائش ہوگئی۔

دونوں نے دسمبر 2018 میں بھارت میں پرتعیش تقریبات کے دوران شادی کی تھی، دونوں کی عمر میں 10 سال کا فرق ہے، اداکارہ اپنے شوہر سے عمر میں بڑی ہیں۔

جوڑے کے ہاں ’سروگیسی‘ کے ذریعے بچی کی پیدائش کے بعد پریانکا چوپڑا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، انہیں خصوصی طور پر بھارتیوں نے بے رحم ماں اور تیار شدہ بچوں کی والدہ قرار دیا تھا۔

لوگوں اور خصوصی طور پر بھارتیوں کی جانب سے تنقید کے بعد اب پہلی بار پریانکا چوپڑا نے مذکورہ معاملے پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بعض طبی پیچیدگیاں لاحق ہیں، جس وجہ سے انہوں نے اپنی بچی کو جنم نہیں دیا۔

پریانکا چوپڑا نے فیشن میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے تفصیلی انٹرویو میں بات کرتے ہوئے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ لوگوں نے ان کی پیچیدگیاں سمجھے بغیر ان پر الزامات کی بارش کی۔

’ووگ‘ میگزین کے جنوری کے شمارے میں پریانکا چوپڑا اور ان کی کمسن بیٹی ماتلی کی تصویر سر ورق کی زینت بھی بنی۔ اداکارہ نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش پر شکرانے ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب جیسے ان کی زندگی کو کوئی مقصد مل گیا اور اب انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کا ایک مرکز ہے، جہاں وہ گھوم پھر کر وہیں آتی ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ جب انہوں نے اعلان کیا کہ ان کے ہاں ماتلی کی پیدائش سروگیسی کے ذریعے ہوئی ہے تو لوگوں نے ان پر کڑی تنقید کی، انہیں برا بھلا کہا، لکھا کہ وہ ایسی خاتون ہیں جو بچے پیدا نہیں کرسکتیں یا پیدا کرنا نہیں چاہتیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے لیے لکھا گیا کہ پریانکا چوپڑا تیار شدہ بچوں کی والدہ ہیں اور وہ اپنے ہی بچوں کے لیے تکلیف نہیں کرنا چاہتیں۔

اداکارہ نے لوگوں کے کمنٹس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف انہیں بلکہ ان کی نوزائیدہ بیٹی کے لیے بھی نامناسب الفاظ کہے گئے۔

پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ لوگوں کو علم نہیں کہ انہیں طبی پیچیدگیاں لاحق ہیں، وہ بچے کو جنم نہیں دے سکتیں تھیں، جس وجہ سے ہی انہوں نے سروگیسی کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ انہیں کس طرح کی پیچیدگیاں لاحق ہیں، تاہم کہا کہ انہوں نے مجبوری میں سروگیسی کے ذریعے اپنی بچی کی پیدائش کروائی۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی بیٹی کو جنم دینے والی خاتون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں رحم دل اور بڑے دل کی خاتون بھی قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی بچی کو جنم دینے والی خاتون نے ان کی بیٹی کو 6 ماہ تک اپنے پیٹ میں پالا اور بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کی بیٹی پورے دنوں سے قبل ہی پیدا ہوئیں، جس وجہ سے وہ کچھ عرصہ ہسپتال میں بھی رہی۔

اداکارہ کے مطابق ان کی بیٹی کی پیدائش لاس اینجلس میں اومیکرون پھیلنے کے دوران ہوئی اور تین ماہ تک ان کی بیٹی نگہداشت وارڈ میں رہیں اور وہ شوہر کے ہمراہ روز بیٹی کو دیکھنے جایا کرتی تھیں۔

انہوں نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی بیٹی صحت مند ہیں اور تیزی سے اپنے والدین کی روز مرہ کی سرگرمیوں کا حصہ بنتی جا رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں