منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2023
ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان اسپشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرا دیا — فوٹو: ٹوئٹر
ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان اسپشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرا دیا — فوٹو: ٹوئٹر

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بے گناہ قرار دے دیا۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان اسپشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرادیا جس میں اس نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو ملزمان کی فہرست سے نکال دیا۔

ایف آئی اے چالان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے مطابق سلیمان شہباز کبھی عوامی نمائندے یا پبلک آفس ہولڈر نہیں رہے، ثابت نہیں ہوا کہ سلیمان شہباز کسی عوامی نمائندے کے بے نامی دار رہے ہیں۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ سلیمان شہباز پر پیکا ایکٹ کے سیکشن 5 کی شق 2 کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، سلیمان شہباز پر منی لانڈرنگ اور اکاؤنٹس میں غیر قانونی ٹرانزیکشن کے الزامات کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

ایف آئی اے چالان میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے رقوم جمع کرانے والے افراد کے بیانات ریکارڈ کیے، کسی نے بھی الزام عائد نہیں کیا کہ رقوم جمع کرانے کے عوض کوئی کک بیکس یا کمیشن دیا گیا ہو، لہٰذا ملزم سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو چالان نہیں کیا جارہا۔

ایف آئی اے نے کہا کہ متعدد ٹرانزیکشنز کاروباری لین دین کے لیے ہوئیں جو کسی جرم کے زمرے میں نہیں آتیں، زیادہ تر ٹرانزیکشنز کراس ٹرانزیکشنز تھیں جن میں رقوم جمع کروانے والے کاروباری شخصیات تھے۔

منی لانڈرنگ کیس

ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، سلیمان شہباز برطانیہ میں ہیں اور انہیں مفرور قرار دے دیا گیا تھا۔

28 مئی 2021 کو سلیمان شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے لیکن وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے عدالت کو بتایا تھا کہ سلیمان شہباز اپنے گھر میں موجود نہیں ہیں، وہ بیرون ملک جاچکے ہیں، اس لیے انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

ٹرائل کورٹ نے جولائی 2021 میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز اور ایک اور ملزم کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

ایف آئی اے نے دسمبر 2021 میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر اسکینڈل کیس میں 16 ارب روپے کی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر خصوصی عدالت میں چالان جمع کرایا تھا۔

ایف آئی اے کی جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے شہباز خاندان کے 28 بے نامی اکاؤنٹس کا پتا لگایا تھا جن کے ذریعے 2008 سے 2018 کے دوران 16.3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، عدالت میں جمع کرائی گئی ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے 17 ہزار کریڈٹ ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کی جانچ کی۔

اس کے علاوہ جون 2020 میں نیب نے سلیمان شہباز کے 16 کمپنیوں میں 2 ارب روپے اور 41 لاکھ روپے مالیت کے تین بینک اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ 10 مرلہ زرعی اراضی اور 209 کنال پر پھیلی زمین ضبط کرلیے تھے۔

نیب کا یہ اقدام تب سامنے آیا جب احتساب عدالت لاہور نے اکتوبر 2019 میں سلیمان شہباز کو اشتہاری مجرم قرار دیا تھا اُس وقت نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ ادارہ نے ملزم کو کم از کم 6 طلبی نوٹس جاری کیے تھے، لیکن ملزم نے جواب نہیں دیا اور تفتیش سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں