نواز شریف بہت جلد واپس آئیں گے، معیشت کو گرداب سے نکالیں گے، مریم نواز

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2023
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: / (ن) لیگ ٹوئٹر
—فوٹو: / (ن) لیگ ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے نواز شریف کی جلد وطن واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں اور معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔

لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد واپس آنے کے بعد لاہور ایئر پورٹ پر جلسے سے خطاب میں استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو خوش خبری سنادوں کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا، دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بار بار پہلے سے بڑھ کر طاقت سے واپس آیا اور آنے والے دنوں میں وہ پھر واپس آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اس کے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2017 میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا، وہ قومی سانحہ تھا، 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا۔

کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کر دیا ہے، جس کی 9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75 سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا کہ نواز شریف کو نااہلی یا اہلیت کی سزا ملی، وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے، پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ 8 مہینے کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 5 سال کا حساب ہوگا، 4 سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا، اسحٰق ڈار پر اعتماد کرو ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو طعنے دینے والو سن لو، ابھی چند دن پہلے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے، چند دن پہلے تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ان کی حکومت تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی ان کی حکومت ہے اور الزام مسلم لیگ(ن) کو دیتا ہے لیکن لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ اپنا خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر میں پھرتا تھا اور سیکیورٹی استعمال کرتا تھا لیکن آج رو رہا ہے۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پنجاب میں الیکشن جس دن بھی ہوں گے مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

کارکنوں سے خطاب کے دوران مریم نواز نے اپنی سرجری کے حوالے سے بتایا کہ میرا گلہ خراب ابھی سرجری کو زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں، میری سرجری تین گھنٹے میں ہوئی اور ڈاکٹر نے بتایا بال بال بچی ہو اور کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو پچھلے 5 سال سے پتا تھا کہ میری سرجری ہونے والی ہے اور وہ سرجری دنیا کے دو ممالک میں ہوتی ہے لیکن انہوں نے مجھے پاسپورٹ نہیں دیا اور اللہ کا شکر ہے میں نے ان سے پاسپورٹ نہیں مانگا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ظلم اور جبر کے باوجود ان کے آگے جھکنے نہیں دیا اور آج ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو کہتی ہوں ذرا حوصلہ کرو، ٹی وی اسکرین پر ان کو روتے دیکھتی ہوں تو ان پر ترس آتا ہے لیکن حوصلہ کرو۔

مریم نواز نے کہا کہ اب میں یکم فروری سے پنجاب کے تمام اضلاع میں جاؤں گی اور اس کا شیڈول بن گیا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز لندن میں تقریباً 4 مہینے قیام کے بعد آج (ہفتہ) کو واپس پاکستان پہنچ گئیں۔

وطن واپس پہنچنے کے بعد مریم نواز نے کہا کہ پاک سر زمین شاد باد۔

قبل ازیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر ایئر پورٹ کے باہر موجود ہے۔

مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا پاسپورٹ واپس ملنے کے ایک روز بعد پاکستان سے لندن روانہ ہوئی تھیں، اُس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد نواز شریف سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں، جن سے وہ 2019 سے نہیں ملی تھیں۔

قبل ازیں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ مریم نواز آج سہہ پہر 3 بجے لاہور پہنچیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی رہنما، کارکنان اورعوام مریم نواز کا بہت جذبے اور خوشی سے انتظار کر رہے ہیں، مریم نواز وطن واپس آکر پارٹی کی تنظیم نو کا آغاز کریں گی، ملک بھر میں ورکرز اور عوام سے رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

یہ پیش رفت وزارت داخلہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 28 جنوری کو (آج) مریم نواز وطن واپس پہنچیں گی۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کہا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر رانا ثنا اللہ کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مریم نواز کی متحدہ عرب امارات سے طیارے میں سوار ہونے کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔

تنظیمِ نو کی ذمہ داری

خیال رہے کہ 3 جنوری کو صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے مریم نواز کو پارٹی کی سینیئر نائب صدر مقرر کرتے ہوئے ہر سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی ذمہ داری دے دی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے شہباز شریف کے دستخط کے ساتھ جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے بڑے تنظیمی فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آئین کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو سینئر نائب صدر مقرر کرنے پر خوشی ہے‘۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’مریم نواز کو بحیثیت چیف آرگنائزر ہر سطح پر تنظیم نو کا اختیار دیا گیا ہے‘۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’میں نے مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب مقرر کیا ہے، وہ پارٹی کے تنظیمی معاملات کی قیادت کے لیے عزم اور تجربہ رکھتی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ وہ ہماری پارٹی کے عہدیداروں کو ہمارے قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق بہت احسن انداز میں متحرک کریں گی‘۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ پارٹی صدر نے قائد نواز شریف سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ایک رہنما نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کی نئے عہدے پر تعیناتی کو نواز شریف کی جانب سے ’شہباز کیمپ‘ کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا تھا کہ نواز شریف کہ جگہ شہباز شریف نہیں بلکہ مریم نواز سنبھالیں گی اور پارٹی کے امور میں شہباز شریف اور اُن کے بیٹے حمزہ شہباز کا اثرورسوخ آنے والے دنوں میں کم ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں