متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورۂ پاکستان موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یو اے ای کی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوستی، تعاون اور مختلف شعبوں کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے محمد بن زاید النہیان کو آج پاکستان کا سرکاری دورہ کرنا تھا۔

قبل ازیں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ان کا استقبال کریں گے۔

مزید کہا گیا تھا کہ مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کو جے ایف- 17 طیاروں کے حفاظتی حصار میں پی اے ایف نور خان ایئر بیس پہنچایا جائے گا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اہم ارکان معزز مہمان کا ایئر بیس پر استقبال کریں گے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کو افواج پاکستان کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، جس کے بعد وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ 25 جنوری 2023 کو متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پاکستان کے دورے پر رحیم یار خان پہنچے تھے۔

سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا رحیم یار خان کے چندنہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات میں ہم نے اپنے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 جنوری کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات گئے تھے اور انہوں نے شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے ملاقات کے دوران پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کے ساتھ مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔

ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا تھا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں