پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں 801.79 پوائنٹس کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام بحال ہونے کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے۔

اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای-100 انڈیکس 801.79 پوائنٹس یا 2.01 فیصد اضافے کے بعد 40 ہزار 673.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز لین دین کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 3:04 بجے 845.99 پوائنٹس یا 2.12 فیصد کو چھو گیا تھا تاہم دن کے آخر میں کمی آئی۔

اس سے قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس لین دین کے دوران 11 بج کر 36 منٹ پر 644 پوائنٹس یا 1.62 فیصد بڑھ کر 40 ہزار 515 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا جبکہ گزشتہ روز 39 ہزار 871 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عارف حبیب کارپوریشن کے ڈائریکٹر احسن محنتی نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی پاکستان آمد اور قرض پروگرام کی بحالی کی امید پر بازار میں تیزی آئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی شرائط پوری کرنے کے بعد آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

احسن محنتی نے کہا کہ مارکیٹ میں محدود سرگرمی ہے، امید ہے کہ بازار میں یہ رحجان جاری رہ سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں