سپریم کورٹ: سائفر سے متعلق چیمبر اپیلوں پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سماعت کریں گے

اپ ڈیٹ 20 فروری 2023
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ہٹانے کے پیچھے غیر ملکی سازش (سائفر) پر تحقیقات کے لیے چیمبر اپیلوں پر سماعت مقرر کردی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ہٹانے کے پیچھے مبینہ ’بیرونی مداخلت‘ کی تفتیش پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف دائر چیمبر اپیلوں پر 22 فروری کو سماعت کریں گے۔

رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیلوں میں میموگیٹ طرز کے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کے ذریعے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے پیچھے مبینہ ’بیرونی سازش‘ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 24 جنوری کو سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف مبینہ سائفر سازش سے متعلق چیمبر اپیلیں سننے سے معذرت کی تھی۔

سپریم کورٹ میں امریکی سازش (سائفر) کے ذریعے عمران خان کی حکومت ہٹانے کی تحقیقات کے لیے چیمبر اپیلوں کی سماعت ہونا تھی۔

تاہم سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس سردار طارق مسعود نے سائفر کی تحقیقات کے لیے دائر اپیلیں سننے سے معذرت کی تھی۔

جج نے سائفر تحقیقات کے لیے دائر اپیلیں واپس چیف جسٹس کو بھجوا دی تھیں۔

یاد رہے کہ سائفر کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں، تاہم رجسڑار آفس نے درخواستوں پر مختلف اعتراضات عائد کر کے انہیں واپس کردیا تھا۔

تاہم 21 جنوری کو‏ ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ اور سید طارق بدر اور ایڈووکیٹ نعیم الحسن نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیلیں دائر کی تھیں۔

سپریم کورٹ میں درخواستوں سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) عمر عطا بندیال کو خطوط لکھے تھے، جس میں ان سے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے لیے پبلک انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ چیف جسٹس اور صدر کے پاس اس مراسلے کی کاپیاں ہیں جو اس وقت کے پاکستانی سفیر اسد مجید خان کو امریکی معاون وزیر خارجہ ڈونلڈ لو نے دی تھیں۔

خطوط میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا خیال تھا کہ مراسلے کے مندرجات ’وزیر اعظم عمران خان‘ کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے لیے حکومت کی تبدیلی کی سازش کو واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں۔

چیف جسٹس اور صدر مملکت کے لکھے گئے خطوط میں اس وقت کی حکومت کی اتحادی جماعتوں کی وفاداری بدلنے اور پی ٹی آئی کے کچھ اراکین کی وفاداری خریدے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ ’انجینئرڈ‘ تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں موجودہ حکومتی اتحاد (پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ) نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد غیر ملکی سازش کا حصہ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے ان کے خلاف باضابطہ طور پر تحریک عدم اعتماد دائر کرنے سے ایک دن قبل 7 مارچ کو سفیر سے موصول ہونے والی کیبل اس سازش کا ثبوت ہے۔

مراسلے کا معاملہ پہلی بار عمران خان نے 27 مارچ کو ایک عوامی ریلی میں عوامی سطح پر اٹھایا تھا۔

عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنی جیب سے ایک خط نکالتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں باہر سے پیسے کے ذریعے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں دھمکی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں الزامات نہیں لگا رہا، اس کا ثبوت میرے پاس موجود خط ہے۔

عمران خان نے اس موقع پر اپنی جیب سے خط نکالا، عوام کے سامنے لہرایا اور پڑھے بغیر واپس رکھ لیا تھا۔

تاہم حیرت انگیز طور پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کسی بھی خط کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

31 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس (جس کی صدارت خود عمران نے کی تھی) کے بعد ایک بیان میں لفظ ’سازش‘ کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ’واضح مداخلت‘ کا اعتراف کیا گیا، اور کہا گیا کہ ملک میں ایک مضبوط ڈیمارش بھیجا جائے گا جس کا نام نہیں لیا گیا تھا۔

اس کے بعد عمران خان نے کئی عوامی خطابات میں انہیں اقتدار سے ہٹانے کی مبینہ سازش کا ذکر کرتے ہوئے اس مراسلے کا حوالہ دیا۔

14 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں ’سازش‘ کا لفظ شامل نہیں ہے۔

بعد ازاں 22 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا 38واں اجلاس ہوا، اجلاس میں امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اسد مجید نے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر بریفنگ دی جس کے دوران بتایا گیا عمران خان کی حکومت کو ہٹانے میں کوئی غیر ملکی سازش ثابت نہیں ہوئی۔

اس کے بعد سائفر کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور دیگر کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’اس سے کھیلتے ہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں