بھارت کے سینئر اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق اداکار کا انتقال نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

ستیش کوشک اپنی موت سے دو روز قبل بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کے گھر ہولی منا رہے تھے، انہوں نے ٹوئٹر پر تصاویر بھی جاری کی تھیں۔

ستیش کوشک کا تعارف

بھارتی اداکار ستیش کوشک 13 اپریل 1956 کو پیدا ہوئے، وہ ایک اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر، کامیڈین اور اسکرین رائٹر تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش کوشک نے دہلی کے کیری مال کالج سے گریجویشن کیا اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ اور فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سابق طالب علم تھے۔

انہوں نے رام لکھن، ساجن چلے سسرال، جانے بھی دو یارو جیسی معروف فلموں میں کام کیا۔

ستیش کوشک نے متعدد فلموں کی ہدایت کاری بھی کی جن میں تیرے نام، مجھے کچھ کہنا ہے، کاغذ اور دیگر کئی فلمیں شامل ہیں۔

بولی وڈ اداکاروں کا اظہار افسوس

جاوید اختر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ستیش مزاح سے بھرپور بھر شخص تھے، ان کی میرے ساتھ چالیس سال تک دوستی تھی، وہ مجھ سے 12 سال چھوٹے تھے، ستیش دنیا سے جانے کی آپ کی باری نہیں تھی۔

بھارتی اداکار انوپم کھیر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے! لیکن میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے بہترین دوست ستیش کوشک کے لیے یہ لکھوں گا، 45 سال کی دوستی کا سفر اچانک رُک جانا، ستیش! زندگی تمہارے بغیر ویسی نہیں رہے گی۔

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی ستیش کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ستیش بہترین اور کامیاب اداکار اور ہدایت کار تھے، وہ ایک سچے اور مہربان شخص تھے، وہ بہت یاد آئیں گے‘۔

ابھیشیک بچن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ستیش کشک کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، وہ ایک انتہائی شفیق، مہربان اور محبت کرنے والے شخص تھے، ہم سب آپ کو یاد کریں گے۔’

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ستیش کوشک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمارے ذہنوں میں ہمیشہ یاد رہیں گے‘۔

کرینہ کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے کچھ کہنا ہے، لیکن ملیں گے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں