جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک

16 مارچ 2023
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بچے شہید ہوئے— فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بچے شہید ہوئے— فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو بچے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے زنگارا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مارٹر فائر سمیت فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران زد میں آکر میں دو بچے شہید ہوگئے۔

سیکیورٹی فورسز نے 13 مارچ کو ضلع شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے دیرونی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

حکام نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دوسرا آپریشن میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں کیا جہاں خودکش حملوں میں ملوث ایک عسکریت پسند کو گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ 10 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے اس سے قبل بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 مارچ کو شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 4 مارچ کو بھی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کی گئی اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

خیال رہے کہ 27 فروری کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

اس سے قبل 22 فروری کو بھی شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی تھی جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں