• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ

شائع March 16, 2023 اپ ڈیٹ March 17, 2023
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ملکی ذخائر 9.85 ارب ڈالر ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ملکی ذخائر 9.85 ارب ڈالر ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد مجموعی قومی ذخائر 9.85 ارب ڈالر ہوگئے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 مارچ سے بڑھ کر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

اعداد وشمار کے مطابق اضافے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4 ارب 31 کروڑ 91 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر 5 ارب 52 کروڑ 77 لاکھ ڈالر ہیں اور یوں ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 مارچ کو بیان میں کہا تھا کہ 3 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 9.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’3 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر 48 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اضافے کے ساتھ 4.3 ارب ڈالر ہوگئے ہیں، جس کی وجہ چین سے کمرشل قرض کے طور پر 50 کروڑ ڈالر کی وصولی تھی‘۔

عارف حبیب لمیٹڈ نے اس حوالے سے تجزیے میں بتایا تھا کہ قومی ذخائر میں 3 فروری سے اب تک 1.4 ارب ڈالر اضافہ ہوا ہے اور یہ ایک مہینے کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔

اس سے قبل 2 مارچ کو اسٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا اور ملک کے مجموعی ذخائر کا حجم بڑھ کر 9.27 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 24 فروری تک ملک کے بیرونی ذخائر بڑھ کر 9.27 ارب ڈالر ہوگئے تھے، جس میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 3 ارب 81 کروڑ 41 لاکھ ڈالرتھے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 23 فروری کو بتایا تھا کہ مرکزی بینک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور 17 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر 3.258 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

اعداد وشمار میں بتایا گیا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ کے مجموعی قومی ذخائر 17 فروری 2023 کو مجموعی طور پر 8.73 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024