وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل انعام میمن کی جانب سے خواجہ سرا رہنما شہزادی رائے کو دھمکانے اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

سندھ کی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ شہزادی رائے پر تیزاب سے حملہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزارت کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں شہزادی رائے کا ویڈیو بیان بھی شیئر کیا گیا، جس میں وہ صوبائی وزیر کو دعائیں دیتی دکھائی دیں۔

شہزادی رائے نے تصدیق کی کہ ان کے گھر پر آکر انہیں دھکمیاں دینے اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ اطلاعات کی جانب سے گرفتار کیے گئے ملزم کی تصویر بھی جاری کی گئی۔

اس سے قبل شرجیل انعام میمن نے شہزادی رائے کی جانب سے 16 مارچ کو شیئر کی گئی ایک ویڈیو پر کمنٹ کرکے خواجہ سرا رہنما سے واقعے کی مزید تفصیلات مانگی گئی تھیں۔

شہزادی رائے نے 16 مارچ کو ایک مختصر ویڈیو ٹوئٹ کی تھی، جس میں انہیں گھر کے اندر ہی دیکھا گیا جب کہ ان کے گھر کے باہر دو افراد کو دیکھا گیا، جس میں سے ایک سے متعلق خواجہ سرا رہنما نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ملزم چوتھی بار انہیں دھکمانے آیا ہے۔

ویڈیو میں شہزادی رائے کی آواز صاف سنائی دیتی ہے اور وہ دعویٰ کرتی دکھائی دیں کہ ملزم نے ان پر تیزاب سے حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

خواجہ سرا رہنما کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد متعدد شخصیات نے ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور پولیس سے ان کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔

شہزادی رائے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عورت مارچ کراچی نے بھی انہیں دھمکانے والے ملزم کو گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ دیگر اہم شخصیات نے بھی ملزم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

لوگوں کے مطالبے اور شہزادی رائے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے واقعے کا نوٹس لیا اور خواجہ سرا رہنما کو واقعے کی تمام تفصیلات بھیجنے کا کہا۔

شہزادی رائے کی جانب سے شرجیل انعام میمن کو تفصیلات بھیجنے کے بعد ہی ملزم کے خلاف شاہ فیصل تھانے میں مقدمہ دائر کرکے انہیں گرفتار کیا گیا اور ملزم کی گرفتاری کی تصدیق خواجہ سرا رہنما اور محکمہ اطلاعات سندھ نے بھی کی۔

شہزادی رائے کو دھمکانے اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری پر لوگوں نے بھی سندھ حکومت کی تعریفیں کیں جب کہ شہزادی رائے نے شرجیل انعام میمن کو دعائیں دینے کی خصوصٰ ویڈیو بھی شیئر کی، جس پر صوبائی وزیر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں