عدلیہ میں موجود عمران خان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے گا، مریم نواز

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2023
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے عدلیہ میں عمران خان کے ’سہولت کاروں‘ کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے پارٹی ترجمانوں کو انہیں بے نقاب کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی آفس میں مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے شرکا کو ہدایت دی کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حقائق سامنے لائیں جس میں ان کے والد نواز شریف کو سزا سنائی گئی تھی اور انہیں وزیر اعظم ہاؤس سے سے بے دخل کردیا گیا تھا۔

اجلاس میں عمران خان کے سہولت کاروں کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی، مسلم لیگ (ن) نے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کیا جائے گا‘۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ماضی کا قصہ بن چکے ہیں اور اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنے کا وقت ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کی بے گناہی کے اتنے شواہد سامنے آچکے ہیں کہ اب تک انصاف کے دونوں پیمانے برابر ہوچکے ہوں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ’مریم نواز نے ترجمانوں کو ہدایت دی کہ وہ چند سابق اور موجودہ ججز کے خلاف پارٹی کے مؤقف کی جارحانہ ترویج کریں تاکہ نواز شریف کو ریلیف حاصل کرنے اور عمران خان کی نااہلی کو یقینی بنانے کے لیے دباؤ ڈالا جاسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کے تفصیلی فیصلے نے مسلم لیگ (ن) کے مؤقف کی توثیق کی ہے‘۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ’جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کے اختلافی نوٹ نے بھی مسلم لیگ (ن) کے ’بینچ فکسنگ‘ کے بیانیے کی توثیق کی ہے‘۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’اگر بینچ سازی کا عمل منصفانہ نہیں تھا تو فیصلے کو کیسے منصفانہ سمجھا جا سکتا ہے؟‘

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے خلاف ’غیر منصفانہ‘ اور ’انتقامی‘ فیصلوں اور شہادتوں کو منظر عام پر لانے اور پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق کی تشہیر کا فیصلہ بھی کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 4 سالہ دورِ حکومت میں ایک کروڑ نوکریوں کے دعووں میں سے ایک نوکری یا 50 لاکھ گھروں کے دعووں میں سے ایک گھر بھی عوام کو نہیں دیا گیا۔

انہوں نے ملکی معیشت کا رخ موڑنے کے لیے عمران خان کے 10 نکاتی ایجنڈے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کے جواب میں مریم نواز نے لکھا کہ ’عمران خان ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نہ بڑھ پائے‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’ہر وہ ہاتھ جو اس شیطانی کھیل کو مضبوط کرنے کے لیے اٹھتا ہے، اسی کھیل کا حصہ تصور کیا جائے گا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں