کراچی: پی ٹی آئی کا ایک اور سوشل میڈیا کارکن ’لاپتا‘

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2023
سلمان خان گزشتہ روز اظہر مشوانی کی گمشدگی کے خلاف ہوئے احتجاج میں شریک تھے—تصویر: ٹوئٹر
سلمان خان گزشتہ روز اظہر مشوانی کی گمشدگی کے خلاف ہوئے احتجاج میں شریک تھے—تصویر: ٹوئٹر

جبری گمشدگی کے خلاف کراچی میں پریس کلب کے باہر پارٹی کے احتجاج میں شرکت کے بعد پی ٹی آئی کا ایک اور سوشل میڈیا کارکن لاپتا ہو گیا۔

اہل خانہ اور پولیس کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے سوشل میڈیا ونگ کے جنرل سیکریٹری اور برنس روڈ پر یو سی 8 کے منتخب چیئرمین محمد سلمان جمعہ کی شام سے لاپتا ہیں۔

ان کے بھائی محمد رؤف نے ڈان کو بتایا کہ ان کا بھائی 31 مارچ کو شام 4 بجے نیو چالی میں گھر سے نکلا اور پریس کلب کے باہر پارٹی کے احتجاج میں شرکت کی لیکن جب انہوں نے اپنے بھائی کو افطاری کے لیے فون کیا تو ان کا نمبر بند پایا۔

محمد رؤف نے بتایا کہ انہوں نے سلمان کے دوستوں سے بات کی تھی جنہوں نے تصدیق کی کہ وہ ریلی میں شامل تھے لیکن شام کو وہ لاپتا ہوگئے اور مبینہ طور پر علاقے سے اٹھا لیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی کی جبری گمشدگی کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن کا حصہ سمجھتے ہیں اور صرف کراچی سے اب تک چار دیگر سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کو اٹھایا جاچکا ہے۔

محمد رؤف نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے کے لیے ہفتہ کی رات 3 بجے آرٹلری میدان پولیس تھانے کا دورہ کیا لیکن کافی اصرار کے بعد پولیس نے صرف ان کی درخواست وصول کی اور انہیں ایک چٹ دے دی۔

دوسری جانب سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی سید اسد رضا نے تصدیق کی کہ اہل خانہ نے درخواست جمع کرادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمعہ کی شام کے پریس کلب کے باہر ریلی نکالی تھی لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سلمان کہاں سے لاپتا ہوئے کیونکہ ان کا گھر میٹھادر میں ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ انہوں نے ایس ایچ او کو اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ان سے اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کو کہا ہے۔٫

دریں اثنا بھائی نے ڈان کو بتایا کہ وہ سلمان کے اغوا کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی پنجاب کے سوشل میڈیا کارکن اظہر مشوانی 8 روز تک لاپتا رہنے کے بعد گزشتہ روز ہی اپنے گھر واپس پہنچے تھےؕ۔

اپنی ناکامیوں کا غصہ سوشل میڈیا کے نوجوانوں پر نکالا جارہا ہے، قاسم سوری

اس ضمن میں سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ کراچی سے پاکستان تحریکِ انصاف سوشل میڈیا ٹیم کے ایک اور ممبر سلیمان خان کو غیر قانونی طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان خان گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر اظہر مشوانی و دیگر کی رہائی کے لیے احتجاج میں شامل تھا، اپنی ناکامیوں کا سارا غصہ سوشل میڈیا کے نوجوانوں پر نکالا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کراچی سوشل میڈیا کے ایک اور رکن سلمان خان کو اغوا کرلیا گیا،سوشل میڈیا پر یہ عوامی رائے ہے، اس کو کوئی کنٹرول یا مینیج نہیں کرتاچند لوگ اغوا کرنے سے عوام کی رائے تبدیل نہیں ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں