اغوا کاروں نے کئی گھنٹے تک یرغمال بنا کر متعدد اے ٹی ایم سے پیسے نکلوائے، شہروز سبزواری
معروف اداکار شہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ چند سال قبل انہیں ہتھیاروں کے زور پر ایک گینگ نے اغوا کرکے کئی گھنٹے تک یرغمال بنا کر ان سے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے تمام رقم نکلوا لی تھی۔
شہروز سبزوری، اہلیہ صدف کنول اور والدین کے ہمراہ عید الفطر کے موقع پر ایکسپریس ٹی وی پر رابعہ انعم کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف مسائل پر بات کرنے کے علاوہ اپنے ساتھ ہونے والے ایک واقعے کا ذکر بھی کیا۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے ساتھ کچھ سال قبل اس وقت اغوا کا ایک بدترین واقعہ پیش آیا تھا جب وہ اپنی کزن مومل شیخ کی شادی سے رات دیر گئے گھر واپس آرہے تھے۔
ان کی کزن اور اداکار جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ نے 2012 میں شادی کی تھی اور اس وقت شہروز سبزواری اتنے مشہور اداکار نہیں بنے تھے۔
شہروز سبزواری نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس رات وہ مومل شیخ کی شادی کی تقریبات سے رات دیر گئے کار میں واپس آرہے تھے کہ ایک اغوا کار گینگ نے انہیں یرغمال بنا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ اغوا کار ان کے ساتھ کار میں ہی بیٹھ گئے اور ہتھیاروں کے زور پر ان سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا گیا جب کہ ان کے پاس موجود اے ٹی ایم کارڈز کی وجہ سے انہیں کئی گھنٹے تک یرغمال بنا کر رکھا گیا۔
ان کے مطابق اغوا کار انہیں کار کے ساتھ مختلف اے ٹی ایم مشینز پر لے گئے اور باری باری ان کے دونوں کارڈز سے تمام رقم نکوالی۔
شہروز سبزواری نے اس بات پر شکر ادا کیا کہ اغوا کار گینگ نے انہیں پہچانا نہیں اور اغوا کاروں کو یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ معروف اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اغوا کاروں کو یہ معلوم ہوجاتا کہ وہ معروف اداکار کے بیٹے ہیں تو انہیں مزید نقصان پہنچایا جاسکتا تھا۔
انہوں نے اس بات پر بھی شکر ادا کیا کہ اغوا کاروں نے انہیں کوئی جانی نقصان نہیں پہنچایا اور کئی گھنٹے یرغمال بنانے اور ان سے پورے پیسے لوٹنے کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
شہروز سبزواری کی جانب سے اپنے ساتھ پیش آنے والے خطرناک واقعے کو بیان کرتے وقت ان کے والد بہروز سبزواری اور والدہ سفینا سبزواری پریشان دکھائی دیے جب کہ اہلیہ صدف کنول نے بھی شکر ادا کیا کہ اغوا کاروں نے شہروز کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔