• KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C
  • KHI: Clear 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.4°C

'تربت میں ایف سی سے جھڑپ، دس شدت پسند ہلاک'

شائع August 31, 2013

۔ —فائل تصویر
۔ —فائل تصویر

کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) میں دس ہتھیار بند شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کرنے کا دعوی کیا ہے۔

فرنٹئیر کانسٹیبلری کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ ایف سی اور شدت پسندوں کے درمیان ہفتہ کی صبح ضلع کیچ کے مند علاقے میں شدید جھڑپ ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مند کے حساس علاقے میں اپنے قافلے پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر رکھا تھا۔

عہدے دار کے مطابق جھڑپ میں ایف سی کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ کالعدم علیحدگی پسند گروپ کے دو کمانڈروں سمیت کئی باغی زخمی ہوئے۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ زخمی شدت پسند سیکورٹی فورسز کی حراست میں ہیں یا نہیں۔

آج صبح سے جاری جھڑپ میں دونوں اطراف سے بھاری اسلحہ کا استعمال جاری ہے جبکہ علاقے میں امن بحال کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کے مزید دستے بھیجے جا رہے ہیں۔

علاقے میں بدستور جاری لڑائی کی وجہ سے ہلاک ہونے والے باغیوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ کیچ بلوچستان کے وزیر اعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک کا آبائی علاقہ ہے۔

بلوچستان کے مختلف حصوں میں گزشتہ سات سالوں سے مسلح شدت پسند سیکورٹی فورسز اور حکومت حامی سیاست دانوں کو نشانہ بناتے آئے ہیں۔

پاکستان کا سب سے بڑا اور وسائل سے مالا مال ترقی پزیر صوبہ بلوچستان طویل عرصے سے بلوچ علیحدگی پسندوں اور فرقہ ورانہ دہشت گردوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025