اس میں کوئی شک نہیں کہ گلوکار عاصم اظہر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، تاہم انہوں نے ایک اور کامیابی اپنے نام کرلی ہے، وہ نارویجن گلوکارہ اور نغمہ نگار ایسٹرڈ ایس (Astrid S) کے ساتھ اپنا پہلا گلوبل اشتراک کرنے جارہے ہیں۔

یہ عاصم اظہر کا کسی بھی بین الاقوامی فنکار کے ساتھ پہلا اشتراک ہوگا۔

گلوکار عاصم اظہر کا ایسٹرڈ کے ساتھ اشتراک کردہ نیا گانا ’ڈارکسٹ آور‘ (darkest hour) جلد ریلیز کیا جائے گا جس میں اردو کے بول عاصم اظہر گنگنا رہے ہیں۔

عاصم اظہر نے یہ خبر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شئیر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ان کی پہلا عالمی اشتراک جلد ریلیز ہوگا۔

نارویجن گلوکارہ ایسٹرڈ ایس نے بھی گانے کا ٹیزر انسٹاگرام پر شیئر کیا اور لکھا کہ میں یہ بتاتے ہوئے بےحد خوش ہوں کہ عاصم اظہر کے ساتھ میں پہلی مرتبہ گلوبل اشتراک کرنے جا رہی ہوں۔

گلوکارہ نے عاصم کی آواز کی تعریف بھی کی، انہوں نے لکھا کہ چند ہی ہفتوں میں وہ بھارت جائیں گی، جہاں وہ مزید میوزک میں عالمی اشتراک کے حوالے سے کام کریں گی۔

خیال رہے کہ گلوکار عالمی شہرت یافتہ میوزک کمپنی یونیورسل میوزک کا حصہ ہیں، عاصم اظہر نے یونیورسل میوزک انڈیا کے تحت دستخط کیے، جبکہ ایسٹرڈ ایس نے یونیورسل میوزک کے تحت دستخط کیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں