پاکستان کے متعدد نامور ہدایت کار اور لکھاری جب ایک ساتھ ایک ہی پروجیکٹ پر کام کریں تو یقیناً عوام کی امیدیں بھی بڑھ جاتی ہیں، خصوصاً جب پروجیکٹ کی کاسٹ میں پاکستان کے بڑے نام شامل ہوں۔

’تیری میری کہانیاں‘ پاکستانی سینما میں پیش کی جانے والی سب سے بڑی اسٹارکاسٹ پر مبنی فلم ہے جس میں ایک اسکرین پر متعدد بڑے نام جگمگا رہے ہیں۔

فلم ’تیری میری کہانی‘ تین نامور ہدایت کاروں کی جانب سے پیش کی جارہی ہے جن میں نبیل قریشی، ندیم بیگ اور مرینہ خان شامل ہیں۔

فلم کی کہانی نامور لکھاریوں نے ترتیب دی ہے جو کسی تعریف کے محتاج نہیں ہیں، نامور لکھاری خلیل الرحمٰن قمر، واسع چوہدری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے فلم کی کہانی ترتیب دی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے اس سے قبل نامور پروجیکٹس کی کہانیاں لکھیں جن میں پیارے افضل، میرے پاس تم ہو، پنجاب نہیں جاؤں گی، لندن نہیں جاؤں گا شامل ہیں جبکہ واسع چوہدری نے جوانی پھر نہیں آنی 1 اور 2، میں شاہد آفریدی ہوں کا اسکرپٹ لکھ چکے ہیں، اس کے علاوہ علی عباس نقوی اور باسط نقوی فلم لال کبوتر کی کہانی ترتیب دے چکے ہیں۔

ندیم بیگ جنہوں نے ماضی میں بلاک بسٹر فلموں کی ہدایت کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ پاکستانی سنیما میں اس پروجیکٹ جیسا کچھ نہیں ہے، یہ آپ معمولی فلم سے کہیں زیادہ ہے، انہوں نے کہا کہ عوام اس بار نئی کاسٹ اور نئی کہانی دیکھیں گے۔

واسع چوہدری کا کہنا ہے کہ فلم میں خلیل الرحمٰن قمر، ندیم بیگ، نبیل قریشی، مرینہ خان جیسے لوگ ہدایت کار اور لکھاری ہیں جو ایک ہی پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، ایسا پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

اسی طرح کے خلیل رحمٰن قمر نے بھی کہا کہ ’تیری میری کہانیاں‘ کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ فلم مختلف ہے، یہاں ہر کسی کے لیے کچھ نہ کچھ ہے۔

رومانوی اور ہارر کامیڈی سے بھرپور فلم کی دلچسپ بات اس کی کاسٹ ہے، فلم کی کاسٹ میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے جانے مانے اداکار شامل ہیں، ان میں کچھ ایسے بھی نام ہیں جو پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

مہوش حیات اور وہاج علی

فلم کی کہانی کا پہلا حصہ ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں تخلیق کیا گیا ہے جس میں نامور اداکارہ مہوش حیات اور وہاج علی اداکاری کریں گے، جبکہ اس کہانی کا لکھاری ابھی واضح نہیں ہوسکا۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں اداکار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے جبکہ وہاج علی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

شہریار منور اور رمشا خان، زاہد احمد اور آمنہ الیاس

فلم کی دوسری کہانی کا اسکرپٹ اداکار واسع چوہدری نے لکھا ہے، جبکہ مرینہ خان نے ہدایت کار کے کام سرانجام دیے ہیں، شہریار منور اور رمشا خان کے علاوہ آمنہ الیاس اور زاہد احمد کہانی میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

سلمان ثاقب اور حرا مانی

فلم کی کہانی کا تیسرا حصہ ہارر کامیڈی پر مبنی ہے جس کی تحریر اور ہدایت کاری نبیل قریشی نے سرانجام دی ہے۔

حقیقی زندگی کا جوڑا سلمان ثاقب (مانی) اور حرا مانی اس کہانی کے مرکزی کردار ہوں گے، مانی کو آخری بار منی بیک گارنٹی میں دیکھا گیا تھا، جس میں ان کی بیوی مختصر سین میں نظر آئی تھیں، مانی نے گزشتہ سال عیدالاضحیٰ میں ہارر کامیڈی لفنگے میں بھی کام کرچکے ہیں۔

اس فلم کو سی پرائم نے پروڈیوس کیا ہے، جو بنیادی طور پر یوٹیوب پر ایوارڈ یافتہ مختصر فلم پرنس چارمنگ کے لیے مشہور ہے۔

یہ فلم رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں