• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm

ایک بار فون پر والد کو شکایت لگائی کہ شوہر مجھ سے برتن، کپڑے اور دیواریں دھلواتے ہیں، حبا بخاری

شائع May 31, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکارہ حبا بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک بار شوہر کے سامنے ہی اپنے والد کو فون پر شکایت لگائی کہ شوہر ان سے گھر کی دیواریں، برتن اور تمام کپڑے دھلواتے ہیں۔

حبا بخاری نے ساتھی اداکار آرز احمد سے جنوری 2022 میں شادی کی تھی، دونوں کے درمیان شادی سے قبل کچھ عرصے تک تعلقات رہے تھے۔

شادی کے بعد کافی عرصے تک حبا بخاری اسکرین سے غائب رہیں، تاہم اب وہ ڈراموں میں دکھائی دینے لگی ہیں اور اس وقت ان کے ڈرامے ’تیرے عشق کے نام‘ کو کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

حبا بخاری مذکورہ ڈرامے میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں، جنہیں شوہر اور والد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے یا اسے اہمیت دینے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

حبا بخاری نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈرامے کی کہانی اور حقیقی زندگی کے واقعات پر کھل کر بات کی اور کہا کہ کسی بھی بیوی کو یہ کوشش نہیں کرنی چاہئیے کہ وہ اپنے شوہر کو اس بات پر مجبور کرے کہ وہ والدہ سے زیادہ بیوی کو اہمیت دے۔

اسی طرح اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی شوہر کو بھی اپنی بیوی کو اس بات پر مجبور نہیں کرنا چاہئیے کہ وہ بیوی والد کے مقابلے میاں کو زیادہ اہمیت دے۔

حبا بخاری کا کہنا تھا کہ والدہ کا اپنا ایک مقام ہوتا ہے جب کہ بیوی کی اپنی ایک جگہ ہوتی ہے، دونوں کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں اور جو ایک دوسرے سے بازی لینے کی کوشش کرتی ہیں تو اس میں مرد حضرات کے لیے مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اسی طرح شوہر اور والد کا بھی الگ الگ مقام ہے، دونوں کا کوئی موازنہ نہیں اور نہ ہی کوئی ایک دوسرے کی جگہ لے سکتا ہے اور کبھی کسی شوہر کو یہ کوشش نہیں کرنی چاہئیے کہ وہ اپنی بیوی کے والد کو خود سے زیادہ اہم سمجھے۔

حبا بخاری نے اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ انہیں اچھے سسرالی ملے، ان کی ساس بہت اچھی ہیں۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایک بار وہ شوہر کے ساتھ ہی بیٹھیں تھیں کہ ان کے پاس والد کا فون آگیا اور ان سے پوچھا کہ انہوں نے اتنے دن گزر جانے پر کال کیوں نہیں کی؟

اداکارہ کے مطابق انہوں نے والد کو مذاق میں شوہر کی شکایت لگادی اور انہیں بتایا کہ آرز ان سے پورے گھر کا کام کرواتے ہیں، ان سے گھر کی دیواریں، تمام کپڑے اور برتن بھی دھلواتے ہیں۔

حبا بخاری کے مطابق ان کی جانب سے والد کو مذاق میں شکایت لگانے پر شوہر نے انہیں روکا اور کہا کہ کہیں وہ سچ نہ سمجھ بیٹھیں لیکن والد نے پوری بات سننے کے بعد سکون سے کہا کہ کوئی بات نہیں بیٹا وہ تمہارا ہی گھر ہے۔

اداکارہ نے نوجوان شادی شدہ جوڑوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ ایک دوسرے سے جھگڑے کی باتیں اپنے والدین کو نہ بتائیں کیوں کہ میاں اور بیوی کچھ ہی دن بعد سیٹ ہو جاتے ہیں لیکن پھر ان کے والدین باتوں کو دل پر لے لیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 11 ستمبر 2024
کارٹون : 10 ستمبر 2024