پاکستان کرکٹ ٹیم مئی 2024 میں ٹی 20 سیریز کیلئے انگلینڈ کا دورہ کرے گی

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2023
امریکا اور ویسٹ انڈیز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی مشترکہ میزبانی کریں گے — فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹوئٹر
امریکا اور ویسٹ انڈیز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی مشترکہ میزبانی کریں گے — فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم ٹوئٹر

عالمی چیمپئین انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 2024 میں اپنے ہوم سیزن کا آغاز مئی میں پاکستان کے خلاف 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے ساتھ کرے گی، جس کے بعد جون میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے منگل کو اعلان کیا کہ انگلینڈ 22 سے 30 مئی تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا، یہ میچز لیڈز (22 مئی)، برمنگھم (25 مئی)، کارڈف (28 مئی) اور لندن (اوول، 30 مئی) میں کھیلے جائیں گے۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔

انگلینڈ نے میلبرن میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، آسٹریلیا میں ایونٹ سے قبل پاکستان نے 7 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی تھی، کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے والے مقابلوں میں مہمان ٹیم نے 3-4 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

برطانیہ روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف تین ٹی 20 میچز اور آئرلینڈ کے خلاف 2 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، جس کی تفصیلات کا اعلان بعد میں ہوگا۔

پاکستان مینز ٹیم کے علاوہ پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم بھی مئی 2024 میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز اور تین آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 فکسچرز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔

دورے کا آغاز 11 مئی کو برمنگھم میں پہلے ٹی 20 میچ سے ہوگا، جس کے بعد نارتھمپٹن (17 مئی) اور لیڈز میں 19 مئی کو میچز کا انعقاد ہوگا، ڈربی، ٹاونٹن اور چیمس فورڈ میں 3 ون ڈے میچز 23، 26 اور 29 مئی کو منعقد ہوں گے۔

ای سی بی نے اعلان کیا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی میزبانی کرے گی۔

انگلینڈ جولائی میں ویسٹ انڈیز اور اگست۔ستمبر میں سری لنکا کے خلاف تین، تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔

ای سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کا موسم گرما ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز اور 5 ون ڈے میچوں کے ساتھ ختم ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں