کولمبو ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی شان دار ڈبل سنچری، پاکستان کو سری لنکا پر 397 رنز کی برتری

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2023
عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنائی اور آغاسلمان 132رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں—فوٹو: اے ایف پی
عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنائی اور آغاسلمان 132رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں—فوٹو: اے ایف پی
کریز پر اس وقت اوپنر عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا موجود ہیں— فائل فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
کریز پر اس وقت اوپنر عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا موجود ہیں— فائل فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق کی شان دار ڈبل سنچری اور آغاسلمان کے آؤٹ ہوئے بغیر 132 رنز کی بدولت پہلی اننگر میں 5 وکٹوں پر 563 رنز بنا کر 397 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

سری لنکا کے کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں پر 178 رنز تھا تاہم عبداللہ شفیق اور کپتان بابراعظم نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 210 رنز تک پہنچایا۔

بابر اعظم 39 اور سعود شکیل 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے طویل شراکت قائم کی۔

عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنا کر نہ صرف ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر کھڑا کیا بلکہ کئی اعزاز بھی اپنے نام کرلیے۔

پاکستانی اوپنر سری لنکا کے کولمبو اسٹیڈیم میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے غیرملکی اوپنر بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے کم عمر ترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرلیا، اس سے قبل جاوید میانداد اور حنیف محمد کو ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر ترین پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔

سری لنکا کے خلاف شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز کی اننگز ڈبل سنچری کے بعد مزید طویل نہ ہوسکی اور جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق تیسرے روز آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنہوں نے 201 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور 468 کے مجموعے پر اسیتھا جے سوریا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نوجوان اوپنر کی طویل اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے اور اس کے لیے انہوں نے 326 گیندوں کا سامنا کیا۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن بدقسمتی سے وہ بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس چلے گئے۔

سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو فائنل الیون میں شامل کر لیا گیا۔

آغا سلمان کا ساتھ دینے کے لیے پھر محمد رضوان میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

اس شراکت کے دوران آغا سلمان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بھی مکمل کی۔

کولمبو ٹیسٹ کا تیسرا دن ختم ہوا تو پاکستان نے 5 وکٹوں پر 563 رنز بنائے تھے اور سری لنکا پر 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے استیتھا فرنانڈو نے پاکستان کے 3 بلے باز آؤٹ کیے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث ختم کردیا گیا تھا۔

گزشتہ روز صرف 10 اورز کا کھیل ہوسکا تھا، جس میں پاکستان نے 33 رنز اسکور کیے، پاکستان کو میزبان ٹیم پر 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی، عبداللہ شفیق 87 رنز اور کپتان بابر اعظم 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 166 رنز پر آؤٹ کردیا تھا جبکہ جواب میں عبداللہ شفیق اور شان مسعود کی نصف سنچریوں کی بدولت 2 وکٹوں پر 145 رنز بنالیے تھے۔

اس سیریز کے ساتھ دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا آغاز کیا ہے۔

سیریز کے دوسرے اور فائنل ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔

کولمبو ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، سعود شکیل، شان مسعود، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، نسیم شاہ، نعمان علی، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

سری لنکا نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ باؤلرز وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا کی جگہ آسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا کو شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کے لیے 6 ون ڈے اور 11 ٹی 20 کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر مدوشنکا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم میں دیموتھ کرونارتنے (کپتان)، نشان مدوشکا، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دھننجایا ڈی سلوا، دنیش چندیمل، سدیرا سمارا وکرما (وکٹ کیپر)، رمیش مینڈس، پربت جے سوریا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔

پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، میچ کی خاص بات مین آف دی میچ قرار دیے گئے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری تھی۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچز کی بات کی جائے تو سری لنکا نے یہاں کھیلے گئے 43 میں سے 20 میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ اسے صرف 9 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

پاکستان نے اس میدان پر اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے صرف ایک میں فتح نصیب ہوئی جبکہ ایک میچ میں شکست کے علاوہ بقیہ میچز کا ڈرا پر اختتام ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں