بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی سربراہی میں وفد کی پاکستان آمد، ’پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بہتر ہوں گے‘

04 ستمبر 2023
بی سی سی آئی کے صدر اور نائب صدر نے لاہور میں میڈیا سے بات کی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
بی سی سی آئی کے صدر اور نائب صدر نے لاہور میں میڈیا سے بات کی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر ایشیا کپ کے میچوں کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی کی سربراہی میں 4 رکنی وفد لاہور پہنچا جہاں ذکا اشرف نے کہا کہ اس طرح پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بہتر ہوں گے۔

بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچے جہاں پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

بی سی بی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے راجر بنی اور ذکا اشرف کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے اور بی سی سی آئی کا وفد یہاں تشریف لایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری ہیں، یہ ہمارے لیے مناسب ہے کہ ایک وفد پاکستان آئے کیونکہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے، اس سے قبل پرسوں ہم سری لنکا بھی گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی دعوت پر ہمارا وفد یہاں آیا ہے اور ایشیا کپ کے میچز دیکھیں گے اور اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔

اس موقع پر بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے کہا کہ پاکستان آکر مجھے خوشی ہوئی ہے، میرا پاکستان کا آخری دورہ 2005 میں تھا جب ایشین کرکٹ کونسل کے لیے پاکستانی فاسٹ باؤلرز پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ایشیا کپ کے میچز دیکھنے آئے ہیں، کل اور آگے بھی میچز دیکھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی انتظامی کمیٹی ذکا اشرف نے بھارتی ہم منصب اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے دعوت دی تھی اور ان کی آمد پر میں ان کی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ممالک کے تعلقات بہتر ہوتے ہیں، ہم نے ان کو دعوت دی اور انہوں نے مہربانی کی اور جب یہ دعوت دیں گے تو ہم بھی ایسا کریں گے، پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں گے اور کرکٹ تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔

ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی کے صدر کی سربراہی میں 4 رکنی وفد براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچا اور بارڈر پر میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

لاہور روانگی سے قبل امرتسر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ یہ دورہ صرف کرکٹ کے حوالے سے ہے کیونکہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سیاست کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، دو روزہ دورہ ہے جہاں گورنر پنجاب نے عشایے کا اہتمام کیا ہے۔

اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کے بعد اے سی سی کی جانب سے ’ایشیا کپ 2023‘ کے سپر 4 مرحلے کے میچز کے مقامات تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذکا اشرف نے اے سی سی کے صدر جے شاہ کو ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے یہ تجویز پیش کی ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں ذکا اشرف نے سری لنکا میں بارش سے متاثرہ پاک-بھارت میچ پر تبادلہ خیال کیا۔

ذکا اشرف نے گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز پیش کی جبکہ پاک-بھارت میچ دبئی میں کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

کولمبو میں سپر فور مرحلے کا پہلا میچ 9 ستمبر کو ہونا ہے لیکن ایشین کرکٹ کونسل خراب موسم کی پیشگوائی کے باعث تشویش کا اظہار کر رہی ہے، تاہم آج پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت کا ٹاکرا نیپال سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے اگلے 2 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور توقع ہے کہ اے سی سی اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں میچ کے مقامات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بارش کے باعث 2 ستمبر کو پالی کیلے میں ہونے والا پاک بھارت میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت کا انتہائی اہم میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بارش نے کھیل کے بہترین مقابلے کو برباد کردیا لیکن بارش کی پہلے سے پیش گوئی کی جا چکی تھی۔

نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور پی سی بی چیئرمین میں نے ایشین کرکٹ کونسل پر زور دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں میچز کھیلنے چاہئیں، لیکن سری لنکا کو ایونٹ دینے کے لیے مختلف بہانے بنائےگئے اور کہا گیا کہ دبئی میں بہت گرمی ہوتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں