نواز شریف کی آئندہ ماہ پاکستان واپسی متوقع

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2023
نواز شریف کی واپسی ملک میں کافی عرصے سے موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نواز شریف کی واپسی ملک میں کافی عرصے سے موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں اور ٹائم فریم کے مختلف اعلانات کے بعد پہلی بار ایسا لگ رہا ہے کہ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف اپنی 4 سال سے زائد کی خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے اگلے ماہ پاکستان واپس آجائیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی پارٹی کارکنان سے گفتگو کے لیے منعقدہ ایک اجلاس میں موجود ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران نواز شریف نے اپنی پاکستان واپسی کے بارے میں بات کی لیکن واپسی کے سفر کی کوئی واضح تاریخ نہیں بتائی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اپنے قائد کی واپسی کی تیاریاں کرنے کے لیے بےچین نظر آئے اور ان کی پاکستان واپسی کی لاجسٹک تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا، نواز شریف نے اکتوبر میں پاکستان واپسی کی تصدیق کی۔

نواز شریف کی واپسی ملک میں کافی عرصے سے موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں نے گزشتہ ہفتے بتایا کہ ملک میں جاری معاشی بحران کے پیش نظر نواز شریف کو اپنے ووٹ بینک اور حامیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے وطن واپس آنا چاہیے۔

کہا جا رہا ہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ وطن واپس لوٹیں گے، انہوں نے کینسر کے ماہرین سے چیک اپ کروانے کے لیے گزشتہ چند ہفتے لندن میں گزارے۔

سینٹ جانز ووڈ کے ویلننگٹن ہسپتال کے ایک ماہر آنکولوجسٹ نے رواں ہفتے شہباز شریف کو بتایا کہ وہ کینسر سے چھٹکارا حاصل کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کو 2000 میں ایڈینو کارسینوما کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ان کا نیویارک کے سلوین کیٹرنگ ہسپتال میں علاج کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں